یورپین

European

European

تحریر : احمد سعید
وہ ایک انتہائی خطرناک کُتا تھا۔میں جب کام سے گھر کو لوٹتا تو اکثر راستہ روک کے کھڑا ہوتا۔ شاید میرے استقبال کے لئے کھڑا ہو تا تھا ۔اس کی مالکن” آنابیلا”نے مجھے ایک دو مرتبہ بتایا کہ یہ کچھ نہیں کہتا۔میں نے کہا : ،جب یہ کہتا ہی کچھ نہیں تو اتنا بڑا کتا رکھنے کی کیا ضرورت تھی ؟کوئی چھوٹا موٹا کُتا رکھ لیتی ،وہ کچھ نہ کچھ کہہ بھی لیتا تو خیر تھی ۔اِسے تو دیکھ کے ہی خوف آتا ہے۔

ایک دن میں دور کھڑا دیکھ رہا تھا کہ گلی (آگ کا دریا) پار کروں یا نہ ۔وہ (کتا)گلی میں چہل قدمی کر رہا تھا ۔اتنی دیر میں گھر سے اسکی خوبرو مالکن نمودار ہوئی ۔مجھے دیکھ کر مسکرانے لگی تو میری بھی باچھیں ”کھُل” گئیں۔

کہنے لگی:اِدھر آئواِس کے پاس،کچھ نہیں کہے گا ۔میںنے کہا : ،اِسے لے آئو میرے پاس ،میں اِس کے پاس آئوں اِس کا ملازم ہوں کیا؟یہ الفاظ زباں تک تو آئے، بیاں تک نہیں،۔اتنی جرات کہاں تھی کہ اُن دونوں کے سامنے یہ کہتا۔خیر چل دیا اُن کی طرف ۔

کہنے لگی:”پرتگا ل” کا تو بچہ بچہ کتوں سے کھیلتا ہے، آپ اتنا کیوں ڈرتے ہیں ؟

میںنے دل میںہی کہا: ،انگلینڈ کا بچہ بچہ انگلش بولتا ہے ، ہم سے نہیںبول ہوتی تو کیا نہر میں چھلانگ لگا دیں؟

آخر کار بات چیت کے آخر میں دل نے یہ فیصلہ کیا کہ کتے کے ساتھ اِس کی” ماڈل ٹائپ ”مالکن ہوگی تو گلی پار کیا کروں گا ، ورنہ دوسرا لمبا راستہ تو ہے ہی ۔ یورپ میں مَیں کتوںسے ہی نہیں بلکہ دوسرے جانوروں سے کتوں سے بھی زیادہ ڈرتا تھا ۔
”پرتگال ”میں بڑے بھائی عبدالصمد کیساتھ ایک مرتبہ Pet shop میں ایک Pet پہ ہماری Bet لگ گئی کہ یہ چوہا ہے یا نہیںہے۔بھائی کا موقف تھا کہ یہ ایک بڑا” یورپین” چوہا ہے۔

میں کہنے لگا :، یہ بلی ہے نہ چوہا ،بس یہ کچھ اور ہی ہے ۔
بھائی کہنے لگے،یہ بلی کہاں سے آگئی بیچ میں ۔

میں نے کہا ،بھائی جی !بلی ،چوہے کا چولی دامن کا ساتھ جو ہوا۔
بحث جب لمبی ہوتی گئی تو ہمیں احساس ہوا کہ یہاں دکان والی بھی موجود ہے ۔اُس سے یہ فیصلہ باآسانی کروا سکتے ہیں۔ویسے سچ تو یہ ہے کہ ہمیں خود احساس نہیں ہوا تھا،یہ احساس اُس دکان والی نے ہی ہمیں دلایا تھا ،کیونکہ بحث کے دوران چار پانچ مرتبہ اُس نے ہم سے پوچھاکہ میں آپ کی کوئی مدد کر سکتی ہوں ؟ بقول اُس کے اِس جانور کا نام chinchilla تھا ۔پھر اُس نے اِسے ہاتھ میں پکڑ کے دکھایا۔کہنے لگی ، میںآپ کو چوہے پکڑاتی ہوں۔میں نے کہا کہ اگر ہم سے کوئی غلطی ہو گئی ہو تو معاف کر دیں ،(کیونکہ اُس نے جانے کونسے چوہے پکڑا دینے تھے، اصلی یا بہت ہی اصلی )۔

پھر اُسنے ایک سانپ نکال کر دِکھایا ۔کہنے لگی ،پکڑ و گے؟
میں نے کہا:، میں تو آپ سے پہلے ہی معافی مانگ چکا ہوں ،اب کیا کان پکڑوائیں گی؟

بھائی کہنے لگے: ،مجھے پکڑائیںجی۔
میں نے کہا:، کیاکان؟
کہنے لگے:، نہیں سانپ۔

میں نے کہا :، بھائی جی !” یورپین کُڑی سامنے اینے وی پاگل نہیں ہو جائی دا”۔

کہنے لگی :،کچھ نہیں کہے گا ۔

میں نے سوچا:،یہ کہاں آگئے،جہاں کتے کاٹتے نہیں ،سانپ ”ڈاستے” نہیں۔

میری حیرت کی انتہا نہ رہی تو میں نے پوچھ ہی لیا کہ یہاں بیویاں بھی اپنے شوہروں کو کچھ کہتی ہیں یا وہ بھی کچھ نہیں ؟اور یہ سوال کرتے ہوئے میرے چہرے پہ جو بیچارگی تھی، وہ اس دوکان کے تمام جانوروں نے انکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھی۔

تحریر : احمد سعید