مشہور یورپی فوٹو گرافر کی تصاویر کی اشاعت سے دنیا میں مقبوضہ کشمیر کے مصائب کو سمجھنے میں مدد ملے گی، علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے مصائب کے حوالے سے مشہور یورپی فوٹو گرافر کی شائع ہونے والی تصاویر کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان تصاویر کے سامنے آنے سے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے مصائب کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ دنیا کے مشہور چینل نیشنل جیو گرافیک کی ویب سائیٹ نے فرنچ بلج فوٹو گرافر ’’سدریک گربے ہائے‘‘ کی مقبوضہ کشمیر سے لی گئی تصاویر کو شائع کیا ہے جن کے ذریعے فوٹو گرافر نے بندوق کے سایے میں بسنے والے کشمیریوں کے مصائب کو نمایاں کرنے کی کوشش کی ہے۔

ان فوٹوز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح مقبوضہ کشمیرکے معصوم لوگ اتنے گھمبیر حالات میں آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں اور اس دوران انہیں کن تکالیف کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ یہ فوٹوگرافر اس سے قبل کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام یورپی پارلیمنٹ اور یورپین پریس کلب برسلز میں کانفرنسوں کے دوران اپنی تصاویر پیش کرچکے ہیں۔

علی رضا سید نے اپنے بیان کہاہے کہ فوٹو پیغام کی ترسیل کا ایک اہم ذریعہ ہے اور مقبوضہ کشمیر سے لی گئی یہ تصاویر مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی ذہنی اذیت کو دنیا تک پہنچانے میں مدد فراہم کریں گی۔ جب تک آزادی نہیں مل جاتی، اس وقت تک کشمیریوں کے اس درد کا کوئی علاج نہیں لیکن دنیا یکجہتی اور ہمدردی دکھا کر ان کے درد کو کم کرسکتی ہے۔

علی رضا سید کا کہنا ہے کہ اس فوٹوگرافر نے اپنی تصاویر کے ذریعے دنیا کو کشمیریوں کی دردبھری کہانی بتانے کی کوشش کی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ یہ فوٹوگرافس عالمی برادری کو متاثر کریں گے اور دنیا کے اندر کشمیریوں کے حوالے سے انسانی ہمدردی پیدا ہوگی۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ مسئلہ کشمیر سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے لیکن کشمیریوں کو ابھی تک انصاف نہیں مل سکا۔ اب تک بڑی تعداد میں لوگ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مار جاچکے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں جبری گم شدہ ہیں۔ حالیہ سالوں کے دوران چھ ہزار سے زائد بے نام قبریں بھی دریافت ہوچکی ہیں جن میں ماورائے عدالت قتل ہونے والے کشمیری دفن ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں لیکن کشمیریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اظہار رائے کی آزادی کا حق تلف کیا جاچکا ہے اور لوگ پر امن احتجاج بھی نہیں کرسکتے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آواز بلند کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دنیا کو حقائق سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل نہیں جاتا، ہم بھارت کا ظالمانہ چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔