یورپی یونین اور یونان کے درمیان بیل آؤٹ پیکج سے متعلق معاہدہ طے پا گیا

European Union and Greece

European Union and Greece

ایتھنز (جیوڈیسک) یورپی یونین اور یونان کے درمیان معاشی مدد کے لئے بیل آؤٹ پیکج سے متعلق معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ یونان کی پارلیمان آئندہ ایک دو روز میں یورپی یونین کی جانب سے کیے جانے والے مطالبات کی منظوری دے گی۔

یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ یونان کے لئے بیل آؤٹ پیکج کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد امید ہے کہ یونان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے طے پانے والا معاہدہ اسے یورپی یونین کا حصہ رہنے کے لئے راہ ہموار کرے گا اوراگر یونانی پارلیمان نے معاہدے کی منظوری دے دی تو یونان کو ایک مرتبہ پھر معاشی پٹڑی پر آنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے یونان کے لئے طے پانے والے معاہدہ کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ بیل آؤٹ پیکیج تیارہے جس میں سنجیدہ اصلاحات اورمعاشی مدد فراہم کی گئی ہے۔

معاہدے کے اعلان کے بعد یونانی وزیراعظم الیگز سپرس کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سے طے پانے والا معاہدہ موجودہ صورتحال میں بہترین ہے تاہم ان کی معاشی ٹیم نے مالی گھٹن کے منصوبے کو نظرانداز کردیا ہے اورحکومت اپنی سالمیت اور وقار کے لئے جنگ جاری رکھے گی اور یہی ہماری میراث ہے۔

دوسری جانب یونان کے علاوہ یورو زون میں شامل دیگر بہت سے ممالک کی پارلیمنٹ بھی نئے بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری دیں گی جب کہ ممکنہ 74 ارب یورو کے بیل آؤٹ پیکیج میں 16 ارب یورو آئی ایم ایف جب کہ 58 ارب یورو یورپی یونین کے فنڈ سے ادا کیے جائیں گے۔