ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرانے کیلئے نواز شریف کی درخواست دائر

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے نمائندے ظافر خان کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث کل عدالت پیش نہیں ہو سکتا لہذا عدالت سے استدعا ہے احتساب عدالت کا فیصلہ کچھ روز کیلئے موخر کیا جائے۔

ادھر ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کا 6 جولائی کا فیصلہ موخر کرنے کا مطالبہ جائز ہے، احتساب عدالت سے درخواست ہے کہ نواز شریف کا فیصلہ 25 جولائی تک موخر کرے، عدالت انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے درخواست پر ضرور غور کرے۔ انہوں نے کہا نیب کا 25 جولائی تک سیاسی لوگوں کیخلاف مقدمات موخر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا بیگم کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق بیگم کلثوم کی حالت چند دنوں بعد خطرے سے باہر آ جائے گی، میری خواہش ہے کہ انھیں ہوش میں دیکھ لوں، اہلیہ کی بیماری کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر احتساب عدالت سے درخواست ہے کہ وہ فیصلہ چند روز کے لئے محفوظ رکھے۔

نواز شریف نے کہا کہ معلوم ہے کہ جس مشن کیلئے میں نے جھنڈا اٹھایا وہ آسان نہیں ہے، میں پاکستانی قوم کا نمائندہ ہوں، میں انھیں کبھی مایوس نہیں کروں گا، اگر فیصلہ میرے حق میں آیا یا اگر خلاف آیا، دونوں صورتوں میں پاکستان واپس جاؤں گا، میں کوئی ڈکٹیٹر نہیں جو ڈر کر بھاگ جاؤں، انشا اللہ فتح عوام کا مقدر رہے گی۔