دھماکے کا شکار ہو کر زخمی ہونے والے صحافی کا سرکاری سطح پر علاج کا مطالبہ

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) لاہور میں صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے بم دھماکے کا شکار ہو کر زخمی ہونے والے جھنگ کے رھائشی نوجوان صحافی نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ اس کا سرکاری سطح پر علاج کروایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق جھنگ کا رھائشی 30سالہ نوجوان صحافی فیصل رضا خان لاہور میں نجی ٹی وی چینل میں بطور رپورٹر کام کرتا تھا ۔ 2010میں گنگا رام ہسپتال کے قریب ریسکیو 15کے دفتر پر ہونے والے بم دھماکے میں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شدید زخمی ہوا اس کے مہروں میں شدید تکلیف ہوئی جس کے باعث وہ تقریباََ ایک سال تک بستر پر پڑا رھا۔

اب بھی فیصل رضا خان انجکشن لگوا کر تھوڑا بہت چلنے پھرنے کے قابل ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق پاکستان میں اس کا علاج ناممکن ہے لیکن بیرون ممالک میں علاج ممکن ہے ۔ فیصل رضا خان نے بتایا کہ اس نے متعدد بار سرکاری علاج کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو لکھا۔

سرکاری سطح پر اس کے علاج کے لئے مختلف محکموں نے انکوائری بھی کی اور اسے علاج کا مستحق بھی قرار دیا لیکن ابھی تک اس کا علاج شروع ہی نہیں کروایا جا سکا۔ فیصل رضا خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب میں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا علاج فوری طور پر سرکاری خرچ پر کروانے کے حکامات جاری کئے جائیں۔