برآمدات میں اضافے کیلئے وزیراعظم ٹیکسٹائل پیکیج کا اعلان کریں: ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن

Textile

Textile

لاہور (جیوڈیسک) گذشتہ دو سال کے دوران پنجاب بھر میں 70 اسپنگ ملز بند ہونے سے تقریبا 1 لاکھ 50 ہزار افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ ٹیکسٹائل برآمدات 13 ارب 80 کروڑ ڈالر سے گھٹ کر 11 ارب 60 کروڑ ڈالر رہ چکی ہے۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشن نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی کے لئے جلد ہی کوئی مراعتی پیکیج کا اعلان کریں۔ چیئرمین اپٹما پنجاب زون عامر فیاض کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت سے ٹیکسٹائل برآمدات مسلسل گھٹ رہی ہیں۔

مسئلے سے نمٹنے کے لئے پنجاب کی صنعتوں کو 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر گیس اور 7 روپے فی کلو واٹ پر بجلی فراہم کی جائے اور ان دونوں سفارشات کو ٹیکسٹائل پیکیج میں شامل کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چین، بھارت اور دیگر ممالک سے دھاگے اور کپڑے کی درآمدات کا حجم 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے جس سے مقامی صنعتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔