انتہاپسندوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا : شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انسداد دہشت گردی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے، کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے قوانین میں ضروری ترامیم کرکے مزید موثر بنایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھی جائے۔