حیات اک نظم ہوتی تو

Tears Eyes

Tears Eyes

حیات اک نظم ہوتی تو
میں اسکو خوبصورت استعاروں سے سجا لیتی
قزح کے سات رنگوں کو میں لمحوں میں پرو دیتی
کہیں پر شام کا منظر
طلوع ِ صبح کی لالی
فلک سے کہکشاں لا کر
زمیں سے تتلیاں لے کر
چمن کے پھول سارے ،،آسماں کے چاند تارے سب
میں لفظوں میں مقید کر کے شعروں میں چھپا لیتی
میں ایسا کر نہی سکتی
کہ ایسا ہو نہی سکتا
حقیقت تلخ یہ ھے کہ
یہاں پر بھوک ہے افلاس ہے ،غربت کے نوحے ہیں
بدن زخمو ں سے گھائل ہیں
کہیں رخ پہ غریبی کے طمانچے ہی طمانچے ہیں
بلکتے بھوک سے بچے
لباس اور گھر کو جب ترسیں
سڑک پر بے اماں جیون
پناہوں کو ترستا ہے
یہ دنیا ایسی بستی ہے
جہاں پرموت سستی ہے
مقدر لکھنے والا گر قلم اک پل کو دے دیتا
میں ان بچو ں کی آنکھوں میں ستارے قید کر دیتی
نحیف و ناتواں بوڑھوں کو اپنے گھر کی چھت دیتی
میری بیٹی کے ہاتھوں پر حسیں رنگ حنا ہوتا
میں انکو دیکھ کر خوشبو بھری نظمیں کہا کرتی
مگر افسوس یہ ہے کہ
میں ایسا کر نہی سکتی
مرا دل خون روتا ہے
مری آنکھوں میں پانی ہے
خدایا کیوں میرے لوگوں کی ایسی زندگانی ہے

شاعرہ : فوزیہ شیخ، فیصل آباد