وہ پری کہاں سے لاؤں

Marriage Bureau

Marriage Bureau

تحریر : وقارانساء
میرج بیورو کے باہر گاڑی رکی تو اس سے ایک خاتون ایک صاحب کے ہمراہ اتریں اپنے بڑے سے پرس کو کندھے سے لٹکاتے ہوئے اندر داخل ہوئیں ریشیپشن پر بیٹھی لڑکی ان کو دیکھ کر مستعد ہو گئی – خاتون نے سلام کرتے ہوئے کہا میں مسز علوی ہوں کیا آپ گل رعنا ہیں۔

جی نہیں میڈم اپنے کیبن میں ہیں آپ تشریف رکھئیے- ساتھ ہی رجسٹر نکال کر ان کا نام دیکھنے لگی-جی ٹھیک ہے آپ نے فون پر ٹائم لیا تھا رجسٹریشن کے لئے-میں میڈم کو بتاتی ہوں پھر آپ مل لیجئے-رجسٹریشن فیس دے دیں پلیز وہ لڑکی گویا ہوئی- بات کئے بغیر ہی!!! پہلے فیس لیں گی؟خاتون نے حیرت سے آنکھیں پھاڑیں جی آپ نے ٹائم لیا ہے تو کسی سے بات کر کے ہی لیا ہو گا – یہ اس میرج بیورو کا اصول ہے -پہلے رجسٹریشن فیس10000 اور پھر رشتہ دیکھنے کے بعد باقی فیس ادا کرنی ہوتی ہیاور ویسے بھی رشتے بہت اچھے اچھے ہیں ھمارے پاس آپ کو یقینا پسند آئیں گے اور بات بھی بن جائے گی ضرورخاتون نیفیس ادا کی لڑکی نے رجسٹر پر اندراج کے بعد فارم ان کے حوالے کیا اب میں آپ کو میڈم کے پاس بھیجتی ہوں یہ فارم بھر دیجئیے گا۔

خاتون نے میرج بیورو کا جائزہ لیا دروازے کے سامنے ہی ریسپشن تھا دائیں جانب دیوار کے ساتھ ایل شیپ میں کرسیاں لگی تھیں بائیں جانب کچھ وقفے پر دو میز تھے جن کے گرد چار چار کرسیاں لگی تھیں- ہو سکتا ہے یہاں دو گھرانوں کی میٹننگ ہوتی ہو وہ سوچ رہی تھی دیوار کے ساتھ دو دو سیٹوں والے تین صوفے تھے- اسی جانب ایک کیبن تھا جس کے ایک طرف دروازہ اور دوسری طرف شیشے کی دیوار تھی ریشمی پردے ہوا سے سرسرا رہے تھے۔

اسی دوران انہیں اندر بلا لیا گیا – میچ میکر گل رعنا خوشدلی سے ملی کیونکہ مسز علوی اس کی پرانی کلائنٹ مسز سلیم کے ریفرنس سے آئی تھیں آپ کو اپنے بیٹے کے لئے رشتہ درکار ہے مسز سلیم نے بات کی تھی گل رعنا نے بات کا آغاز کیا فیس آپ کو مسز سلیم نے بھی بتائی ہو گی اور فون پر بھی بات ہو گئی تھی جی ھاں بتا دی تھی- آپ کا بہت نام سنا ہے اسی لئے آئی ہوں کہ جلد اچھا سا رشتہ دکھا دیں صاحب بیٹھے فارم بھر رہے تھے۔

آپ نے فارم بھر لیا ہے تو مجھے دکھائیں-تاکہ سب کوائف مکمل ہوں تو جلد آپ کو رشتہ دکھا سکوں فارم کو دیکھتے ہوئے بولیں اگر ملازمت پیشہ ہیں تو یہاں ملازمت کیا ہے اور ماہانہ آمدن لکھیں بزنس ہے تو ماہانہ آمدن درج کریں- کیسی لڑکی چاہتی ہیں؟ مجھے بتائیں تاکہ میں یہ آج ہی مکمل کردوں مسز سلیم نے بتایا تھا کہ آپ جلدی شادی کرنا چاہ رہی ہیں- عمر کتنی ہو جی بالکل جلد از جلد چاہ رہی ہوں آپ لکھ لیں
عمر 22 سے25 سال تک ہو اچھا قد ہو5 فٹ 7-8 انچ تک-اچھی پڑھی لکھی اچھے خاندان کی ہو میں نے نوٹ کر لیا ہے گل رعنا نے کہا میں دیکھ کر جلد آپ کو بلاں گی۔

کیا نوٹ کر لیا ہے ؟میں نے ابھی بتایا ہی کیا ہے؟ خاتون نے تیزی سے کہا میں چاہتی ہوں کہ میری بہو چندے آفتاب چندے مہتاب ہو گوری رنگت بھریبھرے گلابی ہونٹ جھیل سی آنکھیں دانت موتیوں جیسے- صراحی دار گردن مخروطی انگلیاں کانچ سی نازک ہو ایسی بہو میرا خواب ہے پوری افسانوی ہیروئن نکال لی لگتا ہے کوئی افسانہ پڑھ کر آئی ہیں موصوفہ-میچ میکر زیر لب بڑبڑائی-اور اتنی طویل ڈیمانڈ پر اکتا کر قلم رکھ دیا آپ نے کچھ کہا خاتون نے پوچھا جی سوچ رہی تھی کہ آپ نے آواز کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تو میں خود ہی لکھ لوں کہ سریلی آواز جسے سن کر لگے گھنٹیاں بج رہی ہوں قاتل مسکراہٹ خوبصورت چال لمبے بال اور ساتھ سلیقہ شعار اور خانہ داری کی بھی ماہر ہونی چاہیے۔

میچ میکر اپنے لہجے کی تلخی کو مسکراہٹ میں چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے بولی اور ہاں جہیز کی ھماری کوئی ڈیمانڈ نہیں اپنی ناک کے لئے گاڑی دیں بنگلہ دیں یا اور جائیداد اپنی بیٹی کو ہی دیں گے-اور یہی دستور ہے بڑے گھرانوں میں رشتہ کرنے کے لئے لڑکی والوں کو یہ سب کرنا ہی پڑتا ہے بھائی صاحب- آپ کی بہن نے لمبی فہرست دے دی آپ لوگ لڑکے کو ساتھ لے آتے تاکہ میں بھی اسے دیکھ لیتی- کیا کہا ؟ بھائی صاحب خاتون کرسی سے اچھل کر کھڑی ہو گئیں- اوہ معاف کیجئے گا میں سمجھی بھائی ہوں گے – آپ سے کچھ چھوٹے لگ رہے تھے- نہیں پتہ تھا کہ یہ آپ کے——– اب کچھ اور نہ کہ دینا یہ میرا بیٹا ہے-اب میچ میکر کی آنکھیں حیرت سے ابل پڑیں- چھوٹے قد کا گہری سانولی رنگت کے ساتھ فربہ جسامت کا مرد نما لڑکا!!! آپ کا بیٹا!جس کی شادی کرنی ہے آپ کو؟؟؟ 37 سال عمر آپ نے ان کی لکھی ہے مگریہ تو42 کے لگتے ہیں-اور اس پر اتنی ڈیمانڈ؟ اس کا قد چھوٹا ہے تو کیا لمبے قد کی بہو ڈھونڈھنا میرا حق نہیں؟ سانولا ہے تب ہی تو گوری بہو چاہتی ہوں کہ آگے بچے اچھے ہوں۔

لوگ اپنی شرائط بتاتے ہیں لیکن آپ نے تو حد ہی کر دی اتنی عمر میں ایسا رشتہ کیسے ملے گا؟ تب ہی تو اس عمر تک آپ ان کی شادی نہیں کر پائیں وہ تو آپ ڈھونڈھیں گی آخر 50000فیس دوں گی میں فرنیچر آرڈر پر تیار ہوتا ہے جس کو انسان خود بناتا ہے پھر بھی کچھ کمی رہ جاتی ہے لڑکی تو خدا کی تخلیق ہے آرڈر پر بھی دستیاب نہ ہو گی میں معذرت چاہتی ہوں آپ کے بیٹے کے لئے اتنی پری چہرہ کمسن دلہن نہیں مل سکتی! گل رعنا نے کچھ توقف کیا اسکے چہرے پر ایک سوچ لہرائی۔اور بولی جتنا ہوسکا میں آپ کے معیار کی لڑکی ڈھونڈھنے کی کوشش کروں گی آپ 20000جمع کروادیں آخر50 ہزار کا معاملہ تھا۔

تحریر : وقارانساء