فیصل آباد ختم نبوت کانفرنس: نون لیگ کے 2 ایم این ایز، 3 ایم پی ایز مستعفی

Peer Hameed Ud Din Sialvi

Peer Hameed Ud Din Sialvi

فیصل آباد (جیوڈیسک) دھوبی گھاٹ فیصل آباد جلسے میں استعفوں کی لائن لگ گئی۔ ن لیگ کے ناراض ارکان اسمبلی کے متوقع استعفے آنا شروع ہو گئے۔ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں پیر حمید الدین سیالوی بھی شریک ہیں جنہیں نون لیگ کے متعدد ناراض ارکان نے اپنے استعفے پیش کئے۔

ایم این اے ڈاکٹر نثار جٹ اور ایم این اے غلام بی بی بھروانہ نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ ایم پی اے نظام الدین سیالوی اور ایم پی اے مولانا رحمت اللہ بھی مستعفی ہو گئے۔ ایم پی اے محمد خان بلوچ نے بھی صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر حمید الدیس سیالوی نے کہا کہ سیاسی بات کرنے اور ووٹ لینے نہیں آیا، ہم ختم نبوت پر ایمان رکھتے ہیں، گلی، گلی نبی پاک ﷺ کا پیغام پہنچائیں گے، اپنی زندگی کو ناموس رسالت ﷺ پر قربان کر دینا چاہئے، ہم ختم نبوت کے تحفظ کیلئے یہاں آئے ہیں۔ پیر حمید الدین سیالوی نے مزید کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور ہم ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ نافذ کریں گے۔

کانفرنس میں 15 بلدیاتی نمائندوں سمیت کئی لیگی عہدیداروں نے بھی استعفے پیر حمید الدین سیالوی کے سپرد کئے۔ کانفرنس کی انتظامیہ نے رانا ثناء اللہ کے مستعفی نہ ہونے پر لاہور میں اگلے جلسے کا اعلان کر دیا۔ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ابھی صرف 5 استعفے دیئے ہیں، رانا ثناء اللہ مستعفی نہ ہوئے تو لاہور کے جلسے میں مزید 15 استعفے بھی آ سکتے ہیں۔ 4 جنوری کو داتا دربار سے مارچ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پیر آف سیال شریف کی جانب سے کئی روز سے 18 اراکین اسمبلی کے استعفوں کا دعویٰ کیا جا رہا تھا مگر آج کے جلسے میں صرف 5 استعفے سامنے آئے۔ ایم این اے شیخ اکرم، حامد حمید، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور کئی ایم پی اے فیصل آباد جلسے سے غائب رہے۔ سرگودھا سے صرف ایک رکن صوبائی اسمبلی کے استعفے کا اعلان ہوا۔