فیصل آباد کی خبریں 27/7/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : مسلم لیگ ن کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی عوام اور سیکورٹی فورسز نے جو قربانیاں دیں وہ ضرور رنگ لائیں گی ،یہ ہماری نہیں اغیار کی جنگ تھی جس میں کو د کر ایک ڈکٹیٹر نے چند ٹکو ں کی خاطر پوری قوم کو ایک جلتی بھٹی میں جھونک دیا تھا اور اس کا خمیازہ ہم اب تک بھگت رہے ہیں ،آپریشن ضرب عضب، آپریشن خیبر ون اورٹو کے بعد اب آپریشن رد الفساد کامیابی کیساتھ آگے بڑھ رہاہے یہی آپریشنز ہماری آنیوالی نسلوں کو محفوظ بنانے میں معاون ثابت ہونگے ،انہوںنے کہاکہ اگر 1998ء میں پرویز مشرف ایک جمہوری حکومت پر شب خون نہ مارتا تو آج پاکستان حقیقی معنوں میں ایشیا کا ٹائیگر بن چکا ہوتا کیونکہ اس وقت وہی وزیر اعظم برسراقتدار تھا جس نے ایٹمی دھماکے کرکے وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا تھا مگر بھارت جسے دشمنوں کا آلہ کار بن کر اقتدار کی حوس میں مبتلا شخص نے قوم کو ایک مرتبہ پھر پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا تاہم ایک مرتبہ پھر ملکی معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہوچکی ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستان ایک اہم پوزیشن پر کھڑا ہوگا ،پاناما لیکس کا فیصلہ آنے کے بعد یہ فیصلہ بھی ہوجائے گا کہ ملک نے کس طرف جانا ہے امید ہے عدالتی فیصلہ پاکستان کو ایشیائی ٹائیگر بنانے میں معاون ثابت ہوگا ۔

فیصل آباد ( ) پاکستان تحریک انصاف کے پی پی65سے امیدوار چوہدری ظفر اقبال سندھو نے کہا کہ اس بات کی آج تک کسی کو سمجھ نہیں آئی تھی کہ جب بھی شریف برادران پر کوئی کڑا وقت آتا ہے تو ملک بھر میں دہشتگردی کی لہر کیوں دوڑجاتی ہے تاہم اب یہ بات شیخ رشید نے سمجھا دی ہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ جلد سے جلد پاناما کیس کا فیصلہ سنادیا جائے ورنہ اس قسم کے دھماکے مزید ہوجائیں گے ،انہوں نے کہا کہ اب سب کچھ کھل کر سامنے آگیا ہے کہ شریف برادران صرف خزانہ نہیںلوٹتے بلکہ ملک دشمنوں کی سرپرستی بھی کرتے ہیں ،گزشتہ سوا چار برسوں کے دوران جب بھی ان شریفوں کیخلاف قانون حرکت میں آیا یا تحریک انصاف نے کوئی احتجاج کی کال دی تو کہیں نہ کہیں خودکش حملہ ضرور ہواہے اس سے ظاہر ہوا کہ دہشتگرد نہیں چاہتے کہ ان شریفوں کی حکومت ختم ہو،انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے بھارت میں بھی سوگ کی فضاء ہے کیونکہ مودی سرکار ہر قیمت پر نواز شریف کو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے تاکہ ان کے مقاصد کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ آئے وطن عزیز میں ہونے والی دہشتگردی کی وارداتوں کے پیچھے 90فیصد بھارت اور افغانستان کا ہاتھ ہوتا ہے ،لہٰذا دونوں ممالک نواز شریف کو آئیڈیل سمجھتے ہیں ،امیدہے عوام کو بھی شیخ رشید کی بات سمجھ آگئی ہوگی اور اسے معلوم ہوگا کہ وطن عزیز سے دہشتگردی کیسے ختم ہوسکتی ہے لہٰذا دعا کی جائے کہ اللہ تعالیٰ ان شریفوں سے ہمارے ملک کو محفوظ رکھے۔