فیصل آباد میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے جو ہسپتال ہیں وہ ناکافی ہیں، انجمن تاجران فیڈریشن

Rana Mushood Visit

Rana Mushood Visit

فیصل آباد : انجمن تاجران فیصل آباد فیڈریشن کے صدر رانا تجمل وحید خاں ‘سینئر نائب صدر محمد اشرف چوہدری ‘جنرل سیکرٹری شاہد احمد وہرہ ودیگر عہدیداران میاں ریاض جاوید’چوہدری اقبال وزیر’میاں سہیل رفیع اور حاجی اعجاز حسن نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جو ہسپتال ہیں وہ ناکافی ہیں ‘الائیڈ ہسپتال ریجن بھر کے مریضوں کو ڈیل کررہا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال ضلع بھر کے ‘ان دونوں کے علاوہ دو جنرل ہسپتال سمن آباد اور غلام محمد آباد میں قائم ہیں جو کہ فیصل آباد کی صرف5سے 7فیصد آبادی کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کررہے ہیں ‘موجودہ حالات میں شیخوپورہ اور ستیانہ روڈ پر بھی الگ الگ جنرل ہسپتال بنائے جائیں۔

اس سے سول اور الائیڈ ہسپتال پر پڑنے والا ضرورت سے زیادہ بوجھ کم ہو جائے گا اور مقامی سطح کے مریضوں کیلئے طبی امداد کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں بھی دور ہو جائیں گی’ انہوں نے کہا کہ سمن آباد جنرل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خالد فخر اور غلام محمد آباد جنرل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اقبال مسعود بخاری بلاشبہ حکومت کی جانب سے ملنے والی طبی سہولیات کی عام مریضوں تک فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں تاہم ان دونوں ہسپتالوں میں عملہ کی شدید کمی ‘ڈاکٹر ز کی کمیابی سے مسائل بڑھ رہے اور بلڈ لیبارٹری کے اپ گریڈ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو خوار ہونا پڑتا ہے’۔

ان دونوں ہسپتالوں میں پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات ناپید ہونے کی وجہ سے یہاں کے مریضوں اور ان کے لواحقین کو پرائیویٹ لیبارٹریزکا رخ کرنا پڑتا ہے ‘بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود اکثر لیبارٹریوں کے ٹیسٹ ڈاکٹرز حضرات ماننے سے انکاری ہو جاتے ہیں لہذا ان دونوں ہسپتالوں کی لیبارٹریز کو فی الفور اپ گریڈ کیاجائے’ انہوںنے کہا کہ تعلیم اور صحت یہ دو شعبے ایسے ہیں جن پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے اس کے لئے اگر ایک آدھ میٹرو منصوبہ بھی ترک کرنا پڑے تو کوئی مضائقہ نہیں۔