فیصل آباد : منچلوں نے پتنگوں کے ساتھ حکومتی پابندی ہوا میں اڑا دی

Kites

Kites

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں منچلوں نے پتنگوں کے ساتھ حکومتی پابندی ہوا میں اڑا دی، کائیٹ ایسوسی ایشن کی کال پر شہر میں بسنت منائی جا رہی ہے، انتظامیہ بے بس ہو کر رہ گئی۔

فیصل آباد میں کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی کال پر منچلوں نے حکومتی پابندی ہی بو کاٹا کر ڈالی، کھلے عام چھتوں پر پتنگیں اڑائی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے پتنگ اڑانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جسے پتنگ بازوں نے پتنگوں کے ساتھ ہی ہوا میں اڑا دیا۔

پولیس کی جانب سے رات گئے کیا گیا کریک ڈاؤن بھی کام نہ آیا، منصور آباد، کینال روڈ، نشاط آباد، جڑانوالہ روڈ اور جھنگ روڈ پر آسمان پر پتنگیں نظر آ رہی ہیں۔ کیمیکل والی ڈور کے ساتھ اڑنے والی پتنگیں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتی ہیں۔

پولیس اور انتظامیہ منچلوں کو پکڑنے اور بسنت روکنے میں بےبس نظر آرہی ہے۔