فیصل آباد میں موٹرسائیکل رکشہ ڈرائیورز کا احتجاج ،روڈ بلاک

Motorcycle Rickshaw Drivers  Protest

Motorcycle Rickshaw Drivers Protest

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں موٹرسائیکل رکشہ ڈرائیورز نے ٹریفک پولیس کے چالانوں اور وارڈنز کے رویہ کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کردی۔

سرگودھا روڈ پر ٹریفک وارڈن نے ایک رکشہ ڈرائیور کا چالان کیا تو رکشہ ڈرائیورز نے لاری اڈہ کے قریب سڑک بلاک کر کے احتجاج شروع کردیا۔ مظاہرین نے ٹریفک معطل کردی اور ٹریفک پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈنز بلا جواز ان کے چالان کرتے ہیں آج بھی ایک ہزار روپے کے چالان کر نے کے علاوہ شکیل نامی رکشہ ڈرائیور کو وارڈنز نے تشدد کا نشانہ بنایا ۔

احتجاج کی اطلاع پر ٹریفک پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کئے ۔ ڈی ایس پی ٹریفک سول لائنز میاں خالد نے تشدد ثابت ہونے پر ٹریفک وارڈن کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کروائی جس پر احتجاج ختم کردیا گیا ۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نےموٹرسائیکل رکشوں کے شہر میں داخلہ کے حوالہ سے حد بندی کی ہے جس کی خلاف ورزی پر چالان کئے جاتے ہیں۔