فیصل آباد کی خبریں 25/5/2016

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ ن نے یوم تکبیر کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تقریبات کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے اس سلسلہ میں مرکزی تقریب اے بی سی سنیما روڈ پر بلال بیکری کے قریب منعقد ہو گی جس کی میزبانی ممتاز مسلم لیگی کارکن یونین کونسل149 کے چیئرمین ارشد ناز کریں گے جبکہ اس پروقار تقریب کی صدارت خواجہ محمد اسلام کی ہو گی اور مہمان خصوصی فخر فیصل آباد چوہدری شیر علی ہوں گے۔

دیگر مہمانان گرامی میں وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی’ اراکین قومی اسمبلی حاجی اکرم انصاری’ رانا افضل خان’ محترمہ خالدہ منصور’ اراکین صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل’ مدیحہ رانا’ رضا نصراﷲ گھمن’ رائو کاشف رحیم’ سابق اراکین اسمبلی چوہدری شفیق احمد گجر’ جوئیل عامر سہوترا اور کمال چغتائی ہوں گے۔ اس پروقار تاریخ کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیے تمام تر تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں اور ارشد ناز دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔

ایک ملاقات میں ارشد ناز نے بتایا کہ مذکورہ تقریب فیصل آباد کی تمام تقریبات کی ماں اور قابل فخر تقریب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں جبکہ ہمارے قائد میاں نواز شریف نے پہلے ایٹمی دھماکے کیے اور ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا جبکہ اب وہ پے درپے معاشی دھماکے کر رہے ہیں جن کو دیکھ کر مخالفین بالخصوص یوٹرن خان کے پیٹ مین مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ ہم 28مئی کو بھرپور جشن مناتے ہوئے ملکی ترقی کے مخالفین کو باور کرا دیںگے کہ ان کے ہاتھ میں وزارت عظمیٰ کی کوئی لکیر نہیں۔ وطن عزیز میں قیادت کا حق صرف مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف کو حاصل ہے جو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود کرتے رہیں گے۔

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں بجلی کے چھوٹے چھوٹے یونٹ لگانے کا افتتاح کر کے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے ان یونٹوں کا مالک براہ راست عوام کو بنا دیا ہے جو خود یہ بجلی فروخت کرینگے اور بل وصولی بھی ان کا کام ہو گا۔ یہ یونٹ صرف شہری علاقوں میں ہی نہیں لگیں گے بلکہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں بہنے والی آبشاروں پر بھی لگائے جائیں گے تاکہ کوئی بھی علاقہ ترقی سے محروم نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی بنا کر نقصان یہ ہو گا کہ جہاں پر یہ کارخانہ لگے تا اس پورے علاقے میں بدترین فضائی آلودگی ہو گی۔ چین’ جاپان’ ماسکو اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانے بند کر رہے ہیں مگر پاکستان جو پہلے ہی بری طرح فضائی آلودگی کا شکار ہے۔ وہاں حکمران اس تجربہ کو دہرانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹی بڑی نہروں کا جال بچھا ہوا ہے اگر حکمرانوں کی نیت صاف ہو تو ہر نہر پر چھوٹا بڑا یونٹ بن سکتا ہے مگر یہ ضرور ہے کہ ان یونٹوں کی تکمیل سے حکمرانوں کی کمیشن بننا بند ہو جائے گی لہٰذا عوام حکمرانوں کو مجبور کریں کہ وہ کوئلے کی بجائے ہائیڈرل بجلی کی پیداوار پر توجہ دیں تاکہ بجلی وافر اور سستی دستیاب ہو سکے۔