فیصل آباد کی خبریں 10/5/2017

Mian Akhtar Mahmood

Mian Akhtar Mahmood

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف این اے 84 کے امیدوار میاں اختر محمود نے شہر کی قدیم ترین سیرگاہ باغ جناح میں بیت الخلائوں کی خستہ حالی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی سے فوری طور پر اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انگریز دور سے قائم باغ جناح جسے ماضی میں کمپنی باع کہا جاتا تھا۔ شہر کی ایلیٹ کلاس سمیت تاجر’ صنعتکار’ سیاستدان اور بیوروکریٹس بڑی تعداد میں صبح وشام یہاں سیر کرنے کیساتھ مختلف ٹریکس پر جوگنگ کرتے اور تازہ ہوا لیتے نظر آتے ہیں لیکن کسی اچانک ضرورت کے تحت ٹائلٹس استعمال کرنیکا معاملہ انتہائی اذیت ناک بلکہ شرمناک بن چکا ہے۔ نکاسی آب کا انتظام ناقص’ ٹوٹیاں ٹوٹی ہوئی جبکہ دروازے خراب اور فرش اکھڑے ہوئے ہیں، ساتھ ہی موجود تاریخی چناب کلب کے ممبران بھی صبح سویرے یہاں ہوا خواری کیلئے گھومتے نظر آتے ہیں۔ میاں اختر محمود نے کہا کہ جناح باغ انتظامیہ کو متعدد مرتبہ صورتحال سے آگاہ اور بدانتظامی کی نشاندہی کی گئی مگر آج تک اس کا نوٹس نہیں لیا جا سکا جو سیروتفریح اور ورزش کیلئے آنیوالوں کیلئے زیادتی ہے۔ صحت قائم رکھنے کے لیے یہاں آنیوالے بیماریاں لیکر جاتے ہیں ایسی صورت میں فوری طور پر عوامی مطالبے پر توجہ دی جائے تاکہ یہاں کی فضا صاف ستھری اور خوشگوار ہو سکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد ( ) میونسپل کارپوریشن مکیں اپوزیشن لیڈر چوہدری شیراز کاہلوں نے کہا ہے پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں کسی پر بھی الزام لگانا انتہائی آسان کام ہے مگر الزامات کے ثبوت کوئی پیش نہیں کرتا ،یہاں ایک شخص نے الزامات لگانے اور ہر کسی کی پگڑی اچھالنے کی روش اختیار کررکھی ہے مگر جب عدالت اس کو طلب کرکے ثبوت طلب کرے تو وہ اپنے وکیل کے ذریعے معافی مانگ لیتا ہے ،اب اس روش کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے ،مسلم لیگ ن ہر الزام کا ” نتارا ” کرے گی اگر کوئی شخص جھوٹے اور بلا جواز الزامات لگائے گا اسے عدالتوں میں گھسیٹیں گے تاکہ سچ سامنے آسکے ،انہوںنے کہا کہ عمران خان نے پاکستانی سیاست کو الزامات کی سیاست سے اس قدر آلودہ کردیا ہے کہ اس میں سے اب نسوار کی بو آنے لگی ہے ،موصوف کی نظر میں کسی عالم دین کی کوئی عزت ہے نہ سیاستدان کی اس قسم کی سیاست کرکے وہ خود کو نہ جانے کیوں نمایاں کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم وہ یاد رکھیں ایسے شخص کو تو چور دروازوں سے بھی اقتدار نصیب نہیں ہوتا ،وہ آج اپنے جلسوں میں میوزیکل نائٹ کی تمام خصوصیات ختم کردیں تو انہیں معلوم ہوجائے کہ کتنے لوگ ان کو سننے کیلئے آتے ہیں اگر انہوںنے جلسے جلوس دیکھنے ہوں تو ن لیگ کے دیکھیں جس میں صرف مسائل کی بات ہوتی ہے ،ایک ہی طرح کے الزامات لگا کر لوگوں کا وقت ضائع نہیں کیا جاتا ،وقت آگیا ہے کہ ملکی سیاست سے عمران خان کی آلودہ سیاست کو جلد از جلد ختم کیا جائے ورنہ یہ بو پورے ملک کے کونے کونے میں پھیل جائے جو بعد میں فرنائیل چھڑکنے سے بھی دور نہیں ہوگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد ( ) پاکستان تحریک انصاف ویسٹ ریجن پنجاب کے سیکرٹری ویلفیئر لقمان چوہدری نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے عوام نے عمران خان کا شاندار استقبال اور لاکھوں کی تعداد میں جلسہ عام کا حصہ بن کر کرپشن کو شیلٹر دینے والے کو واضح پیغام دیدیا ہے کہ اب ملکی سیاست میں ان جیسے لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں ،سیالکوٹ سے شروع ہونیوالی یہ تحریک پنجاب بھر میں پھیلے گی اور نیا پاکستان بنانے میں مدد گار ثابت ہوگی ،انہوںنے کہاکہ وہ لوگ جو گزشتہ کئی برسوں سے سیالکوٹ کو اپنانا قابل تسخیر قلعہ قراردے رہے ہیں 7مئی کے جلسہ عام نے ان کی آنکھوں کو بھی کھول دیا ہے ،آئندہ عام انتخابات میں نو ن لیگ گمنام لیگ بن جائے گی اور سیالکوٹ میں تحریک انصاف کا میابیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کرے گی ،اقتدار میں ہونے اور یہاں سے دووفاقی و صوبائی وزراء کی موجودگی کے باوجود سیالکوٹ جس طرح آج تک پسماندہ ترین ضلع ہے ایسی بدترین مثال ملنا بھی مشکل ہے ،یہاں تو حکومتی کونسلر ہی مان نہیں ہوتے مگر وزراء یہاں کے مسائل حل نہیں کرواسکتے ،تحریک انصاف کے لوگ جب اقتدار میں آئیں گے تو سپورٹس سٹی سیالکوٹ جدید ترین شہر بنے گا بہت جلد پنجاب بھر کے دیگر شہروں میں بھی تحریک انصاف پنڈال سجائے گی اس طرح تخت لاہور والوں سے یہ صوبہ چھین لیاجائے گا جس روز عمران خان فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ میں جلسہ کریں گے اسی روز مسلم لیگ ن کی سیاست کا جنازہ نکل جائے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد ( ) پاکستان پیپلز پارٹی پی پی 67کے رہنما چوہدری نجف ضیاء وڑائچ نے کہا ہے کہ عوام کسی بھی امیدوار کو ووٹ اپنے مسائل کے حل کیلئے دیتے ہیں ،وہ نہیں چاہتے کہ کسی ایسے شخص کوووٹ دیں جو کوئی کام بھی نہ کرے اور حلقہ بھر میں کہیں نظر بھی نہ آئے ،آج کل ایسی ہی صورت حال کچھ پی پی 67کی ہے جہاں کا ایم پی اے موصوف حلقہ عوام کو کہیں بھی نہیں مل رہا جبکہ عوام کی آنکھیں ان کو دیکھنے کیلئے ترس گئی ہیں ،انہوںنے کہاکہ اقتدار میں ہونے کے باوجدود یہاں کے ایم پی اے حلقہ بھر کے بنیادی مسائل حل کروانے میں ناکام ہوچکے ہیں ،منصور آباد ،نگہبان پورہ سمیت متعدد علاقوں کی گلیاں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،سیوریج مسائل خطرناک حد تک بڑھ چکے جبکہ سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے جرائم میں خوفناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے ،آئندہ عام انتخابات میں اگر عوام نے اعتماد کیا تو انشاء اللہ پورے حلقہ کو جدت کا وہ شاہکار بنادوں گا کہ صرف فیصل آباد ہی نہیں بلکہ پنجاب بھر کے لوگ اس کی مثال دیا کریں گے ،اپنے مرکزی آفس میں حلقہ سے آئے معززین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نجف ضیاء وڑائچ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت میرا منشور ہے ،سیاست کو عبادت سمجھ کر میدان عمل میں آیا ہوں ،عزت دینے والی خدا کی ذات ہے اگر حلقہ کے عوام نے مجھے خدمت کا موقع دیا تو وعدہ کرتا ہوں کہ کسی کو مجھے ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ ہر وقت آپ کو دستیاب ہوں گا اور تمام تر قیاتی کام معززین حلقہ کی مشاورت سے کرائوں گا تاکہ کسی شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں رہے ۔