فیصل آباد کی خبریں 23/7/2016

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و متوقع سٹی میئر ذوالفقار احمد شیخ نے پیپلزپارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کے فیصلے کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیرکے انتخابات انتہائی منصفانہ اورغیر جانبدارانہ تھے جس کا ثبوت یہ ہے کہ میں نہ مانوں کی پالیسی پر ہمیشہ عمل پیرا رہنے والے عمران خان کا نتائج تسلیم کرنے کے علاوہ نوازشریف کو فوری مبارکباد پیش کی حالانکہ کوئی بھی پاکستانی ایسا سوچ بھی نہیں رہا تھا ‘ پاک فوج اور رینجرزکی موجودگی میں کسی بھی قسم کی دھاندلی کا سوچنا بھی احمقانہ پن ہے یہاں تک کہ شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو ووٹ کاسٹ نہیں کر نے دیا گیاحالانکہ چیف جسٹس آزاد کشمیر کو ووٹ کا سٹ نہیں کرنے دیا گیا انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے امریکہ ‘ برطانیہ’ یورپین یونین ‘ ترکی’ بھارت ‘ سری لنکا سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ٹیمیں بھی آئی تھیں مگرکسی نے بھی دھاندلی کی شکایت نہیں کی ‘ بے ضابطگیاں ضرور ہوئی ہیں وہ تو امریکہ کے انتخابات میں بھی ہو جاتی ہیں لہٰذا پیپلزپارٹی فوری طور پر شکست تسلیم کرتے ہوئے اس حقیقت کو بھی تسلیم کرے کہ پیپلزپارٹی اب صرف سندھ تک محدود ہوگئی آئندہ انتخابات میں صرف لاڑکانہ تک رہ جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد :مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج ثابت کرتے ہیں کہ میاں نوازشریف نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر میں بھی یکساں مقبول اور عوام سمجھتے ہیں کہ ہر قسم کے مسائل حل کروانے میں (ن) لیگ اور نوازشریف سے بڑھ کر اور کوئی نہیں’ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کردار اس مداری کا بن چکا ہے جو مجمع تو 100 افراد کا لگا لیتا ہے مگر اس کی پڑیاں صرف دو چار بکتی ہیں اس طرح تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں پانچ جلسے کئے اور وہ خاصے بڑے جلسے تھے تاہم ان کے بدلے تحریک انصاف کو آزاد کشمیر سے ”ککھ” بھی نہیں ملا اور صرف دو سیٹیں حاصل کیں وہ بھی پاکستان سے مہاجرین کی اس طرح پیپلزپارٹی کے نئے ”منڈے” بلاول نے بھی بڑے بڑے مجمے لگائے مگر آزاد کشمیر سے ایک اور مہاجرین کی ایک نشست حاصل کی اس کی نسبت مسلم لیگ (ن) نے کوئی جلسے جلوس نہیں کئے ‘ میاں نوازشریف ‘ شہباز شریف اور حمزہ سمیت کوئی بھی لیڈر ووٹ مانگنے نہیں گیا تاہم وہاں کے عوام نے دل کھول کر (ن) لیگ کو ووٹوں سے نواز کر جو محبت دی (ن) لیگ اسے فراموش نہیں کرے گی اور اس محبت کا جواب عظیم ترقیاتی کام کروا کر دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فیصل آباد:پاکستان پیپلزپارٹی پی پی 71 کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری عدیل تاج نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ذوالفقارعلی بھٹو اورشہید بی بی کے دیوانے اور پروانے تھے جبکہ ان دونوں کی شہادت کے بعد اب بلاول سے دل و جان سے محبت کرتے ہیں مگر انتخابات میں حکومت نے اس قسم کی دھاندلی کی کہ کشمیریوں کے دل توڑ ڈالے اور از خود جعلی مینڈیٹ اپنے نام کر لیا۔ تاہم عوام اتنے بیوقوف نہیں کہ وہ چپ کرکے دھاندلی شدہ انتخابات کے رزلٹ کو تسلیم کر لیں’ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہونے والے مختلف سروے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی پوزیشن انتہائی مضبوط اور نمایاں تھی جبکہ شام 5 بجے کے بعد جب رزلٹ آنا شروع ہوئے تو 22 سے زائد ہمارے امیدواران دیگر جماعتوں سے آگے تھے تاہم اندھیرا چھاتے ہی سب کچھ بدل دیا گیا اور پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ (ن) لیگ کی جھولی میں ڈالدیا گیا جو کہ ظلم کی انتہا ہے جسے ہم تسلیم نہیں کرتے’ (ن) لیگ کی اس دھاندلی کو منظر عام پر لایا جائے گا اور کسی صورت بھی رزلٹ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔