جعلی ڈگری سکینڈل، شعیب شیخ آج دوبارہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں گے

Shoaib Sheikh

Shoaib Sheikh

اسلام آباد (جیوڈیسک) جعلی ڈگری سکینڈل میں شعیب شیخ آج دوبارہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں گے، ایگزیکٹ کے سی ای او سے کل سات گھنٹے تفتیش کی گئی۔

ایف آئی اے حکام نے ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کو آج پھر ساڑھے گیارہ بجے طلب کیا ہے، گزشتہ روز حفاظتی ضمانت مسترد ہونے کے بعدایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سندھ شاہد حیات نے شعیب شیخ سے سات گھنٹے تک تفتیش کی۔

ان سے جعلی ڈگریوں کے اجراء اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سمیت دیگر حوالوں سے پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد رات گئے انہیں واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایگزیکٹ کے مزید ملازمین سے تفتیش کریں گے۔

اس سے پہلے شاہد حیات نے ایگزیکٹ کے کراچی دفتر کا دورہ کیا اور ایف آئی اے عہدیداروں کے ساتھ شواہد کا جائزہ لیا۔ ایگزیکٹ کمپنی کے اسلام آباد آفس سے قبضے میں لئے گئے 15کمپیوٹر اور موبائل سیٹ فرانزک معائنے کے لئے دوبارہ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز منتقل کر دیئے گئے ہیں۔

ایگزیکٹ کے خلاف تحقیقات میں قانونی مدد کے لئے ایف آئی اے نے امریکی ایف بی آئی اور انٹرپول سے رابطہ کر لیا ہے۔