فخر زمان ون ڈے میں ڈبل سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی

Fakhar Zaman

Fakhar Zaman

بلاوایو (جیوڈیسک) زمبابوے کے خلاف چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں فخر زمان کی ڈبل سینچری کی بدولت پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا مجموعی سکور بنایا ہے۔ فخر زمان ڈبل سنچری بنانے کے بعد 209 کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے آصف علی نے 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

بلاوایو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔ اس سے قبل ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا سکور 385 تھا جو اس نے بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 304 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ یہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے بہترین اور ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی چوتھی سب سے بڑی شراکت ہے۔

اس سے قبل طویل ترین شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس کے بلے باز سینتھ جے سوریا اور اوپل تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف جون 2006 میں 286 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 304 کے سکور پر گری جب امام الحق آٹھ چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔

اننگز کی خاص بات فخر زمان کی اننگز تھی، فخر زمان 5 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے ڈبل سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے دنیا کے چھٹے بلے باز بن گئے، وہ 210 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

فخر زمان سے پہلے، لیجنڈ سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، روہیت شرما، کرس گیل اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

دوسری جانب پاک بحریہ کیطرف سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سب سے بڑا قومی سکور بنانے پر مبارکباد دی گئی ہے، ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں پاک بحریہ کا حصہ رہنے والے فخر زمان ایک قومی اثاثہ ہیں۔