فیملی پارکوں میں تفریحی سہولیات کی فراہمی زوو میں انواع اقسام کے جانوروں کا اضافہ کیا جائے۔نشاط ضیاء قادری

کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ فیملی پارکوں میں تفریحی سہولیات کی فراہمی کو اور شاہ فیصل زون کے تحت رفاہ عام میں قائم مولانا حسرت موہانی فیملی پارک اینڈ منی زو و میں انواع اقسام کے جانوروں اور پرندوں کا اضافہ کیا جائے تاکہ علاقہ مکین پارک سے استفادہ اور منی زوو سے لطف اندوز ہوسکیں ،بلدیاتی ادارے فیملی پارکوں کی تعمیر و ترقی اور اس کے دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں اور صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور میونسپل کمشنر طلعت محمود کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے تحت رفاہ عام میں قائم مولانا حسرت موہانی فیملی پارکس اینڈ منی زوو کا تفصیلی دورہ کرکے پارک و منی زوو میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون کے تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پارکوں میں سرسبز ماحول کو یقینی بنانے کے ساتھ عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے تواتر کے ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جائے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ وسیع و عریض رقبے پر قائم مولانا حسرت موہانی کے نام سے منسوب فیملی پارک و منی زوو کو ضلع کورنگی کا ماڈل تفریحی گاہ بنا یا جائے گا انہوں نے محکمہ باغات شاہ فیصل زون کو ہدایت کی کہ پارک کی تزئین وآرئش کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں اور منی زوو میں جانوروں اور پرندوں میں اضافہ کیا جائے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہا کہ علاقائی ترقی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ عوام کو صحت مند تفریحی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اس موقع پر انہوں نے شاہ فیصل زون کے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے تمام تر صلاحیتوں اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں اور نیک نیتی اور تندہی کے ساتھ عوامی خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنائیں۔