مداحوں کیلئے خوشخبری، محمد عامر جلد ہی باپ بن جائیں گے

 Mohammad Amir

Mohammad Amir

لاہور (جیوڈیسک) چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ہیرو محمد عامر جلد ہی باپ بننے جا رہے ہیں۔ ان کی شادی گزشتہ سال 20 ستمبر کو پاکستانی نژاد برطانوی خاتون نرجس سے سرانجام پائی تھی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری خبر کے مطابق قومی سٹار محمد عامر جلد ہی باپ بننے والے ہیں۔ پی سی بی نے ورلڈ الیون کیخلاف ان عدم دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل کو کھلانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 2017ء کا فائنل کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں ابھی تک تازہ ہے۔ اس اہم میچ میں محمد عامر نے روایتی حریف بھارت کے پرخچے اڑا دیے تھے۔ قومی باؤلر نے انڈین کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور شیکھر دھون جیسے منجھے ہوئے کھلاڑیوں کی وکٹیں لے کر کھیل کا پانسہ ہی پلٹ دیا تھا۔

رواں ماہ ستمبر میں ہی بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون پاکستان کے دورے پر آنے کیلئے تیار ہے۔ جنوبی افریقا کے مایہ ناز کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کی ٹیم میں ہاشم آملہ، عمران طاہر، ڈیوڈ ملر، گرانٹ ایلیٹ، پال کولن ووڈ اور ڈیرین سیمی سمیت بڑے بڑے نام شامل ہیں۔