فاروق ستار نے دونوں رابطہ کمیٹیاں تحلیل کرنے کی تجویز دیدی

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ پی آئی بی کے رہنما کامران ٹیسوری نے دونوں رابطہ کمیٹیاں توڑنے کا مفاہمتی فارمولہ لے کربہادر آباد کا دورہ کیا اور رہنماؤں کو فاروق ستار کا پیغام پہنچایا۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) میں اختلافات کے بعد مصالحت کی باتیں ہونے لگیں۔ پی آئی بی گروپ کے رہنما کامران ٹیسوری بہادر آباد پہنچے اور رہنماؤں کو فاروق ستار کا پیغام پہنچایا۔ پی آئی بی والوں کی جانب سے کامران ٹیسوری، خواجہ سہیل منصور اور عبدالوسیم ملاقات میں شریک ہوئے جبکہ عامر خان، کنور نوید، امین الحق، فیصل سبزواری اور دیگر نے بہادر آباد گروپ کی نمائندگی کی

پی آئی بی کی ٹیم نے فاروق ستار کی مفاہمتی تجاویز پیش کیں اور دونوں رابطہ کمیٹیاں تحلیل کرنے اور نئے لوگوں کو شامل کرنے کا فارمولہ دیا۔ بہادر آباد گروپ نے بھی متحدہ کو متحد رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ چاہتے ہیں کہ فاروق بھائی آئیں، سب مل کر پارٹی چلائیں اور دل سے دل ملائیں۔

ضلع شرقی کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کیا گھر کے مسئلےعدالتوں میں لے جانا ضروری تھا؟ میں کبھی نہیں چاہتا کہ عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں جا کر مسئلے کو حل کروں۔ بہادر آباد والے معاملے کو عوام میں لائے تو مجھے بھی مجبوراً کارکنان میں آنا پڑا جس کا مجھے افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنا 35 سال کا تجربہ سیاسی ایسے مقاصد میں لگانا چاہتا ہوں جس سے قوم کا فائدہ ہو ۔ میرا فارمولہ ہے کہ دونوں رابطہ کمیٹیوں کو تحلیل کر دیں، میں اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نئے لوگوں پر مشتمل نئی رابطہ کمیٹی بناتے ہیں۔