فاروق ستار ایم کیو ایم کی کنوینر شپ سے فارغ

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) فاروق ستار کو ایم کیو ایم بہادر آباد سے پیچا لڑانا مہنگا پڑ گیا، الیکشن کمیشن نے کنوینر شپ کی ڈور کاٹ دی۔ الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سنا دیا۔ ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنما فاروق ستار کو بہادر آباد والوں سے پیچا ڈالنا مہنگا پڑ گیا اور اپنی ہی ڈور کٹ گئی۔

الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینئر شپ سے ہٹا دیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ فاروق ستار کی قیادت میں ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن بھی کالعدم قرار دے دیئے۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے فیصلہ سنایا۔ ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنما علی رضا عابدی نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

فاروق ستار کیخلاف درخواست خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل نے دائر کی تھی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر سنایا گیا۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا لیکن فاروق ستار کے یہ اعتراضات بھی مسترد کر دیئے گئے۔ مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو کنوینئر شپ سے متعلق سماعت کا اختیار حاصل تھا۔