فاٹا کے کے پی میں انضمام کا معاملہ، پی ٹی آئی کا پھر سڑکوں پر آنے کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی قیادت کا اجلاس بنی گالہ میں منعقد ہوا۔ تحریک انصاف نے عوامی تحریک کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وفد اے پی سی میں شریک ہو گا۔

اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کے مطالبے کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ فاٹا کے پختونخوا میں انضمام پر حکومتی مؤقف میں تبدیلی کی مذمت کی گئی اور قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم، تحریک کی تاریخ کا اعلان کچھ روز میں ہو گا۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک شخص کیلئے سلامتی اور قبائلیوں کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دیں گے۔

اجلاس میں امریکی نائب صدر کے پاکستان کے بارے میں بیان کی بھی مذمت کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ امریکی نائب صدر کے بیان سے پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی، ایسے بیانات شکست خوردگی اور مایوسی کی علامت ہیں، حدیبیہ پیپر ملز کیس پر قومی سطح پر آگہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حدیبیہ کیس کو سرد خانے کی نذر کرنے کی کوششیں ناکام بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔