فضل الرحمان متحدہ مجلس عمل کے صدر، لیاقت بلوچ جنرل سیکریٹری منتخب

Fazlur Rahman

Fazlur Rahman

اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ مجلس عمل کی مرکزی قیادت کا اعلان کر دیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان متحدہ مجلس عمل کے صدر جبکہ لیاقت بلوچ جنرل سیکریٹری ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج ایک نظریے اور نصب العین کیلئے متحد ہونے کا اعلان کرتے ہیں، فیصلہ سازی میں تمام جماعتوں کی برابر حیثیت ہوگی، قومی سطح پر ایسے اتحاد کی ضرورت تھی، متحدہ مجلس عمل کی تمام جماعتیں صف آرا اور متحد ہیں۔ انہوں نے کہا متحدہ مجلس عمل کا تسلسل ٹوٹنا نہیں چاہیئے تھا، صوبوں اور اضلاع میں بھی تنظیم سازی ہو گی

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا اسلام آباد میں کنونشن سینٹر کا اعلان بھی کریں گے، ملک میں بے چینی اور اضطراب ہے، ملک میں قیام امن کی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ایسی حکمت عملی ہونی چاہیئے کہ ہر شخص وطن سے محبت کرے، ملک میں نئی طرز کی سیاست کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، کوشش کریں گے کہ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں۔