وفاقی ادارے سیاسی انتقام میں اتنا آگے نہ جائیں کہ واپسی ممکن نہ ہو، آصف زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وفاقی ادارے اتنا آگے نہ جائیں کہ واپسی ممکن نہ ہو، ان کا کہنا ہے ثابت ہو گیا کہ کیسے وفاقی اداروں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کرپشن کے الزمات کے تحت سیاسی رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ اور سزاؤں کا سلسلہ شروع ہوا تو ہر طرف ایک کھلبلی سی مچ گئی۔

سابق صدر زرداری بھی پیچھے نہ رہے، کرپشن کے الزامات میں سزا پانے والے رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ کی حمایت میں کھل کر میدان میں آ گئے ہیں۔

آصف زرداری نے علی نواز شاہ کی سزا کو سیاسی انتقام سے تعبیر کرتے ہوئے سخت لفظوں میں مذمت کی ۔ سابق صدر نے کہا پیپلز پارٹی کو ایک بار پھر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ثابت ہو گیا ہے کہ کیسے وفاقی اداروں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ وفاقی ایجنسیوں کو دلدل میں نہیں پھنسنا چاہئے ، آصف زرداری نے خبردار کیا کہ وفاقی ادارے اتنا آگے نہ جائیں کہ واپسی ممکن نہ ہو۔

علی نواز شاہ کو سزا دینا سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی حلقوں میں علی نواز شاہ کو نہایت احترام حاصل ہے۔