دینہ میں مرغوں کی لڑائی پر 2 گروپوں میں زبردست تصادم، اندھا دھند فائرنگ کے ساتھ ڈنڈوں، سوٹوں اور مکوں کی بارش سے 5 افراد شدید زخمی

Dina

Dina

دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے) دینہ میں مرغوں کی لڑائی پر 2 گروپوں میں زبردست تصادم ، اندھا دھند فائرنگ کے ساتھ ڈنڈوں، سوٹوں اور مکوں کی بارش سے 5افراد شدید زخمی ،اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ منگلا روڈ پر دو گروپوں حسنین بٹ اور مدثر گروپ میں مرغوں کی لڑائی پر زبردست تصادم ہوا جس میں اندھا دھند فائرنگ اور ڈنڈوں سوٹوں اور مکوں کا آزادنہ استعمال کیا گیا جس سے 5افراد واجد ولد طارق ،فاروق احمد ولد خادم حسین ،عمران شہزاد ولد اصغر،نبیل ولد ظفر اقبال اور مدثر شدید زخمی ہو گئے ،اطلاع ملتے ہی پولیس سٹی چوکی دینہ اور ایس ایچ او تھانہ دینہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے زخمیوں کو فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر دینہ پہنچایا گیا ، جہاں بعد ازاں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ریفر کر دیا گیا، پو لیس نے رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔
————————————————————————————————
دینہ ( جمیل احمد کھٹانہ سے)پولیس چوکی سٹی دینہ کی کاروائی ،شراب کے نشہ میں دھت ریلوے روڈ پر شورو اویلا کرنے پر 3افراد سمیت ایک منشیات فروش گرفتار مقدمات درج۔تفصیلات کے مطابق پولیس چوکی سٹی دینہ کے ملازمین دوران گشت رات 11بجے ریلوے روڈ پر موجود تھے کہ 3افراد جن میں سرور اقبال ولد اللہ دتہ سکنہ ڈومیلی محلہ،نعیم احمد ولد محمد ا شرف سکنہ ڈومیلی محلہ،محمد رشید ولد محمد شکیل سکنہ دومیلی محلہ شراب کے نشہ میں دھت روڈ پر غل غپاڑہ کرتے ہوئے آ رہے تھے کو پولیس چوکی سٹی دینہ نے گرفتار کر لیا اور ملاحظہ کے لیے آر ایچ سی دینہ لایا گیا جہاں ان کی رپورٹ مثبت آنے پر چوکی سٹی دینہ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی، دوسری کاروائی میں تھانہ دینہ کے اے ایس آئی محمد اعظم نے دوران ناکہ بندی ملزم سہیل ساغر مسیح ولد ساغر مسیح سکنہ کرسچن ٹاؤن ڈاکٹر حفیظ والی گلی سیالکوٹ سے 120گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
————————————————————————————————
دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے)منگلا روڈ کے نواحی علاقہ نیوجھنگ ،ہڈالہ سیداں اور ہڈالی کا نکاسی آب کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ،تینوں گاؤں بلدیہ کی حدود میں ہونے کے باوجود بنیادی ضروریات سے محروم ،سیورج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے گاؤں کا پانی برلب روڈ کھڑا رہنے سے نا صر ف منگلا روڈ خراب ہونے لگی بلکہ وہاں سے گزرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ڈپٹی کمشنر جہلم ،اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے نوٹس کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ دینہ کی حدود میں واقع گاؤں نیوجھنگ ،ہڈالہ سیداں اور ہڈالی کا نکاسی آب کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے ،یہ تینوں گاؤں بلدیہ دینہ کی حدود میں آتے ہیں لیکن متعلقہ ادارے اور منتخب نمائندوں کی چشم پوشی کا شکار ہیں ،تینوں گاؤں کے سیورج سسٹم کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے ،گھروں کا پانی نالیوں میں جمع ہونے کی وجہ سے عوام کا گلیوں سے گزرنا مشکل ہو گیا ہے اور آخر کار یہ پانی برلب منگلا روڈ پر جمع ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے منگلا روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور وہاں سے گزرنے والے افراد کے لیے نالیوں کا گندا پانی سخت پریشانی کا باعث ہے،ہڈالی کے مقام پر لاکھوں روپے کی لاگت سے سیورج کا نالہ بنایا گیا جو کہ ہڈالی گاؤں اور لکی پڑولیم دونوں اطراف سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے پانی کی بدبو اور مچھروں کی بہتات سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں ،اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ا سسٹنٹ کمشنر دینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلہ کا فوری نوٹس لیا جائے ۔