فرسٹ کلاس میچ کی فیس میں 10 ہزار روپے کا اضافہ، پی سی بی

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کو پرکشش بنانے کے لئے فرسٹ کلاس میچ کی فیس میں دس ہزار روپے فی میچ اضافہ کردیا ہےایسے وقت میں جبکہ ملک کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی چھٹے مرحلے میں تھا پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کے لئے اپنے پندرہ سے زائد کھلاڑیوں کو این او سی جاری کردیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلے ہی نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے۔اس طرح تقریبا دو درجن سے زائد کھلاڑی بیرون ملک ہونے کی وجہ سے قائد اعظم ٹرافی کی کشش اور اہمیت کم ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سیزن کے دوران صف اول کے کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کے دوران ریلیز کرنے کی بازگشت لاہور میں گورننگ بورڈ اجلاس میں سنائی دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک ذمے دار نے میٹنگ کو بتایا کہ اگر پاکستان بنگلہ دیش لیگ کے لئے اپنے کھلاڑیوں کو ریلیز نہیں کرے گا ۔تو بنگلہ دیش بھی اپنے کرکٹرز کو پاکستان سپر لیگ کے لئے نہیں ریلیز کرے گا۔پھر کھلاڑیوں کو ملنا والے بڑے معاوضے کی وجہ سے انہیں روکنا آسان کام نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کو پرکشش بنانے کے لئے فرسٹ کلاس میچ کی فیس میں دس ہزار روپے فی میچ اضافہ کردیا ہے۔اس وقت ریجن کے کھلاڑی کو ایک فرسٹ کلاس میچ کے لئے پندرہ ہزار روپے ملتے ہیں۔یہ رقم بڑھ کر 25ہزار روپے ہوجائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجن کے ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم چار گیسٹ کھلاڑی کھلاسکتی ہے۔

پی سی بی گیسٹ کھلاڑیوں کو کھلانے کے معاملے کو لازمی قرار دینا چاہتا تھا تاہم کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے اس تجویز کو رد کردیا اور کہا کہ یہ استحقاق ریجن کے پاس ہونا چاہیے کہ وہ گیسٹ کھلاڑی کہلا سکتے ہیں یا نہیں۔