فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گرفتار عہدیدار کے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات

Sultan Qamar Siddiqui

Sultan Qamar Siddiqui

کراچی (جیوڈیسک) فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گرفتار سابق وائس چیئرمین سلطان قمر صدیقی کے جے آئی ٹی رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات نے تہلکہ مچا دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سلطان قمر صدیقی نے گینگ وار سرغنہ عزیر بلوچ، ڈاکٹرذوالفقار مرزا اور نثار مورائی سے قریبی تعلقات کا اعتراف کیا۔

رپورٹ کے مطابق سلطان قمر نے 2009 میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزاکی مدد سے اسپیکر قومی اسمبلی کے کوٹہ پر دو کلاشنکوف خریدیں جبکہ ذوالفقار مرزا کے حکم پر پولیس کے مال خانہ سے 25 سب مشین گنیں نکلوائیں اور یہ اسلحہ آفاق احمد اور عزیر بلوچ کو فراہم کیا۔

جے آئی ٹی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ صفورا میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی سلطان قمر صدیقی نے فراہم کیا۔ سانحہ صفورا کے ملزم طاہر سائیں، فراز بھگیو اور علی طارق نیازی سلطان قمر کے گھر میں ہی روپوش رہے۔

سلطان قمر صدیقی نے انکشاف کیا کہ فشریر میں ہونے والی کرپشن کا بڑا حصہ نثار مورائی کو جاتا تھا۔