قومی پرچم کو ماننے والے ہرشخص کو گلے سے لگائیں گے، مصطفی کمال

Mustafa

Mustafa

کوئٹہ (جیوڈیسک) پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کو ماننے والے ہرشخص کو گلے سے لگائیں گے جب کہ پارٹی کا جھنڈا فساد کی جڑ ہوتا ہے اس لیے پاکستان کے جھنڈے کونصب العین بنایا۔

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہماری جماعت کو بھرپور پذیرائی ملی، سندھ سے باہر پہلی بار باقاعدہ کام شروع کررہے ہیں، ہم لوگوں کو توڑنے نہیں جوڑنے آئے ہیں، ہمیں ملک کو جوڑنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی پرچم کو ماننے والے ہرشخص کو گلے سے لگائیں گے جب کہ پارٹی کا جھنڈا فساد کی جڑ ہوتا ہے اس لیے ہم نے پاکستان کے جھنڈے کو نصب العین بنایا، ہمیں موجودہ نظام کو تبدیل کرنا پڑے گا اور بنیادی سہولیات ہر قصبے، دیہات اور گاؤں میں فراہم کرنا ہوگا ترجیح ہے اور ہمارا فارمولہ ہے کہ بلوچستان سے اس کا آغاز ہونا چاہیئے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ ہرزبان اوررنگ ونسل کے لوگ ہمارے ساتھ مل گئے ہیں، سیاسی اختلافات رکھنے چاہییں مگردشمنی نہیں ہونی چاہیے، ہمیں اختلاف رائے کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہئے، عوام کے مسائل گھمبیرسے گھمبیر ہورہے ہیں، پاکستان کے عوام کوبنیادی سہولیات ملنی چاہئیں جب کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل مصطفیٰ کمال اور انیس قائمخانی کوئٹہ پہنچے تو پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا جس کے بعد انہوں نے جناح روڈ پر اپنی جماعت کے دفتر کا افتتاح بھی کیا۔