فلوریڈا: ایئر پورٹ پر فائرنگ، پانچ افراد ہلاک

Florida Airport Firing

Florida Airport Firing

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے گورنر نے فورٹ لاڈر ڈیل ہوائی اڈے پر فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد کے ہلاک اور آٹھ کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

جمعے کو پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر رِک اسکاٹ نے بتایا کہ انہوں نے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نومنتخب نائب صدر مائیک پینس سے رابطہ کرکے انہیں صورتِ حال سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نومنتخب صدر اور نائب صدر دونوں نے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رِک اسکاٹ کا تعلق ری پبلکن جماعت سے ہے۔

صحافیوں کے ایک سوال پر گورنر اسکاٹ نے کہا کہ انہوں نے صدر براک اوباما سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ڈونالڈ ٹرمپ اور مائیک پینس سے ذاتی تعلقات ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے صدر اوباما کے بجائے انہیں فون کیے۔

گورنر اسکاٹ نے کہا کہ بروورڈ کاؤنٹی میں واقع فورٹ لاڈر ڈیل کے ہالی ووڈ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد وہ اور ان کی انتظامیہ کے اہلکار ریاست کے تمام ہوائی اڈوں کے حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جاسکے۔

گورنر نے امریکی عوام سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

بروورڈ کاؤنٹی کے پولیس سربراہ نے بتایا ہے کہ ہوائی اڈے پر فائرنگ کرنے والا شخص اکیلا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور الاسکا کے شہر اینکریج سے براستہ منیا پولس آنے والی پرواز کے ذریعے فورٹ لاڈرڈیل پہنچا تھا جس نے ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد اپنے سامان میں موجود آتشی اسلحہ نکال کر وہاں موجود افراد پر فائرنگ کی۔

عینی شاہدین نے ایک امریکی ٹی وی ‘اے بی سی’ کو بتایا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے چلا چلا کر کہہ رہا تھا کہ وہ یہودی نہیں ہے۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ حملہ آور کا مقصد کیا تھا اور آیا یہ دہشت گردی کی کارروائی تھی یا نہیں۔

فائرنگ کے بعد ہوائی اڈے کو پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔