فٹبال ورلڈکپ 2018: فرانس عالمی چیمپیئن بن گیا

Football World Cup

Football World Cup

فرانس (جیوڈیسک) فٹبال ورلڈکپ 2018، فرانس کی ٹیم کروشیا کو ہرا کر دوسری بار عالمی چیمپئن بن گئی، فرنچ ٹیم نے فائنل معرکے میں کروشیا کو 2-4 سے شکست دی۔

ماسکو میں جاری فٹبال ورلڈکپ کا فائنل معرکہ فرانس نے جیت لیا، لوزنیکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مجموعی طور پر فرانس کا پلڑا بھاری رہا۔ ورلڈ کپ 2018 کے دوران پہلی مرتبہ کروشین ٹیم دباؤ میں نظر آئی۔ فائنل میچ کے پہلے ہاف کی نسبت دوسرے ہاف میں فرانس کا پلڑا بھاری رہا اور فرنچ ٹیم نے 2-4 سے فتح اپنے نام کی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں پال پوگبا نے میچ کے 59ویں منٹ میں شاندار گول کر کے فرانس کی برتری 1-3 کر دی۔ اس کے چھ منٹ بعد ہی مپابے نے ایک اور گول کر کے سکور 4-1 کر دیا۔

میچ کے 70ویں منٹ میں مینڈزوکچ نے گول کر کے کروشیا کی امیدیں برقرار رکھیں تاہم کروشیا مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہا۔

خیال رہے کہ فرانس نے دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل فرانس 1998 میں فٹبال ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب رہا تھا جبکہ کروشیا پہلی بار فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا۔ کروشیا نے ورلڈکپ 1998میں سیمی فائنل کھیلا تھا۔

فائنل میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد کی گئی، ہالی ووڈ اور فٹبال سٹارز نے تقریب کو چار چاند لگائے۔