سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ کا تعین کرنے کیلئے بھارت کیساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان

Qazi Khaleeullah

Qazi Khaleeullah

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ کا تعین کرنے کے لئے کام جاری ہے اور جلد ہی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پیرس میں پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے تاہم دونوں ممالک سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کی تاریخ طے کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے، پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے دونوں ممالک کی حکومتیں مسلسل رابطے میں ہیں، دہشتگردی دونوں ممالک کا مسئلہ ہے اور اسے باہمی تعاون سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعاون کیلئے تیارہیں، ہم نے ہمیشہ خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے پر زور دیا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں، کسی بھی واقعے کے بعد باہمی تعاون کے ذریعے ہی ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے، وزیراعظم ہاؤس کے بیان پر مزید کچھ نہیں کہہ سکتا، مولانا مسعود اظہر کو حفاظتی تحویل میں لئے جانے کی تصدیق نہیں کرسکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے درالحکومت جکارتہ میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے تاہم اس حملے میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے ابھی تک جلال آباد حملے کی رپورٹ نہیں دی تاہم افغان صدر نے اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کر کے مکمل تعاون کی تقین دہائی کرائی تھی۔