فرانزک رپورٹ نے تحریک انصاف کا موقف درست ثابت کر دیا: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) نادرا کی طرف سے فریقین کے حوالے کی گئی این اے 122 کی فرانزک رپورٹ میں ترانوے ہزار آٹھ سو باون ووٹوں کی تصدیق نہ ہونے کا اعتراف کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 122 میں چالیس فیصد سے بھی کم ووٹوں کی تصدیق ہو سکی ہے۔ نادرا کی فرانزک رپورٹ نے تحریک انصاف کا موقف درست ثابت کر دیا۔

پی ٹی آئی کی ترجمان شیریں مزاری نے اپنے بیان میں کہا کہ نادرا رپورٹ سے این اے 122 میں بڑے پیمانے پر کی جانیوالی دھاندلی کا راز فاش ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا قوم جان چکی ہے کیسے ہزاروں جعلی ووٹوں کے ذریعے ایاز صادق کی فتح کیلئے راہ ہموار کی گئی۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں نادرا رپورٹ میں واضح لکھا ہے کہ این اے122 میں دھاندلی نہیں ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی رپورٹ کو غور سے پڑھیں ۔ ان کا کہنا تھا جن 51 انگوٹھوں کےنشانات کی تصدیق نہیں ہو سکی وہ ضرورپی ٹی آئی کے ہونگے۔

شیریں مزاری کو جھوٹ بولنے کی عادت اپنے لیڈر سے ملی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کراچی ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی دھاندلی پکڑی گئی۔