سابق آئی جی اسلام آباد کی ترقی کیلئے سنٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی تاریخ طلب

Aftab Cheema

Aftab Cheema

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی ترقی کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی تاریخ طلب کر لی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کہتے ہیں آفتاب چیمہ کے بیشتر بیج میٹس کو ترقیاں دے دی گئیں عدالت کو سب کچھ کھولنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی ترقی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ عدالت نے آفتاب چیمہ کی ترقی سے متعلق حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آفتاب چیمہ کو ان کے خلاف انکوائری کی وجہ سے ترقی نہیں دی گئی۔

درخواست گزار کے وکیل مصطفیٰ رمدے نے کہا کہ آفتاب چیمہ کو انکوائری میں کلیئر قرار دیا جا چکا ہے یہاں انکوائریاں اور جوڈیشل کمیشن چلنے کے باوجود من پسند افسران کو ترقیاں دی گئیں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کے بیشتر بیج میٹس کو ترقیاں دے دی گئیں، ہمیں سب کچھ کھولنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

عدالت نے آفتاب چیمہ کی ترقی کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کی تاریخ طلب کرتے ہوئے سماعت 28 مارچ تک ملتوی کر دی۔