سابق وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی نیویارک امریکہ میں منعقدہ کنونشن سے خطاب

 Firdous Ashiq Awan

Firdous Ashiq Awan

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) سابق وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ نے پی ٹی آئی نیویارک امریکہ میں منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں عمران خان کے جیالے اور کارکنان، اور صدر پی ٹی آئی نیویارک امریکہ چوہدری پرویز ریاض کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ جنہوں نے دیار غیر میں رہ کر پی ٹی آئی کا نام روشن کیا انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ 2018 کے انتخابات میں عوام کے دلوں کے لیڈر عمران خان وزیر اعظم ہوں گے چوہدری پرویز ریاض کی کاوشیں پی ٹی آئی کے لئے قابل تحسین ہیں ان کی محبتوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا وہ پارٹی کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کو بھارت سے زیادہ نواز شریف سے خطرہ ہے نیشنل سیکورٹی کو نسل کے متفقہ اعلامیہ سے نا اہل وزیر اعظم قومی مجرم ثابت ہو گئے۔

بھارت کے لاڈلے کو فی الفور گرفتار ،آرٹیکل 6کے تحت ملک سے غدار ی کا مقدمہ چلایا جائے ،میاں سانپ کا سر کچلنے میں تاخیر کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو گی ،درباریوں میں رتی بھر بھی شرم اور ملی غیرت ہو تو چلو بھر پانی میں ڈوب مریں ،اس امر کو انتہائی افسوسناک کو قرار دیا کہ انڈین وزیر دفاع سمیت بھارتی میڈیا نواز شریف کے بیان کو بھارتی موقف کو تصدیق اور فتح قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف لابنگ کے لئے کمر بستہ ہو رہے ہیں جبکہ ملک میں موجود نا اہل لیگ کے درباری نوا زشریف کی صفائیاں پیش کر کے قومی گناہ کا ارتکاب کر رہے ہیں انہوں نے نواز شریف کے ملک دشمن بیانیے پر عوام میں پائے جانے والے سخت غم و غصہ اور اشتعال کے پیش نظر انتباہ کیا کہ درباری لیگ کے مفاد پر ست اور متوقع امیدوار عوام کے شدید رد عمل کا براہ راست نشانہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج نیب اور سپریم کورٹ احتساب عدالت ملک کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے کوئی کرپٹ سیاستدان ان اداروں کی طرف میلی آنکھ بھی نہیں دیکھ سکتا بدعنوان ،کرپٹ بیوروکریٹس اور سیاستدانوں کو اڈیالہ جیل میں ہونا چاہئے ملک کو لوٹنے اور ادارے کمزور کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں نواز شریف کا پاکستان مخالف بیان قابل برداشت ہے جس کے خلاف پوری قوم سراپا احتجاج ہے اور نواز شریف کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کر رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ ملکی دفاع و سلامتی کے سلسلے میں افواج پاکستان کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔

پاک فوج کا ردالفساد آپریشن انتہائی کامیابی سے جاری و ساری ہے بہت جلد وطن عزیز فسادیوں سے پاک ہو جائے گا پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ، آخر میں انہوں نے کہا کہ لالہ موسیٰ سے ایم پی اے چوہدری اشرف دیونہ نے عمران خان کی قیادت میں پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے پارٹی کا وقار بلند کیا ہم اُن کو پارٹی میں شمولیت میں خوش آمدید کہتے ہیں۔