فرانس میں پناہ کے درخواست گزاروں کی تعداد میں 17 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

France Refugee

France Refugee

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) فرانس میں پناہ کے درخواست گزاروں کی تعداد میں 17 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پناہ گزینوں کے تحفظ سے متعلقہ محکمے کے ڈائریکٹر جنرل پیسکل پریس کے مطابق درخواست دینے والوں میں بڑی تعداد البانیہ اور مغربی افریقہ کے باشندوں کی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ برس موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 1 لاکھ 412 رہی جو 2016 کے مقابلے میں17فیصد زیادہ ہے۔ پیسکل کے مطابق اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپ میں جرمنی کے بعد فرانس ان ممالک میں سے ہے جہاں پناہ کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں پیش کی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس درخواستوں کی منظوری کی شرح 36فیصد رہی، جبکہ 2016 میں یہ تناسب38فیصد تھا۔2017میں فرانس میں پناہ حاصل کرنے کی سب سے زیادہ7630 درخواستیں البانیہ کے باشندوں نے پیش کیں اس کے بعد افغانستان سے 5987،ہیٹی سے4934اور سوڈان سے 4486درخواستیں موصول ہوئیں۔