فرانس کا بدنام زمانہ گینگسٹر جیل سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار

French Police

French Police

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کا مطلوب ترین گینگسٹر فلمی سین کی طرح جیل توڑ کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہو گیا۔

بدنام زمانہ گینگسٹر نے ایکشن سے بھرپور فلموں میں ہونے والے سین کو حقیقی زندگی میں کرکے دکھا دیا، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گینگسٹر ’ریڈونی فیڈ‘ نے جیل سے فرار کا ایسا طریقہ اپنایا کہ سب دنگ رہ گئے۔

گینگسٹر کے ساتھیوں نے اپنے سرغنہ کو فرار کرانے کے لیے بڑا منصوبہ تیار کیا، پیرس کے مضافاتی علاقے میں قید ریڈونی کو فرار کرانے کے لیے تھوڑے فاصلے پر جھاڑیوں میں ایک ہیلی کاپٹر اتارا گیا اور پھر مسلح افراد جیل میں داخل ہوگئے۔

جیل کے مہمان خانہ میں پہلے سے موجود سرغنہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ جیل سے نکل کرہیلی کاپٹر تک چلاآیا مسلح افراد نے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کو پہلے ہی مغوی بنا کر رکھا تھا جس کے ذریعے مخصوص فاصلہ طے کرنے کے بعد گینگسٹر اور اس کے ساتھی ہیلی کاپٹر سے اتر کر گاڑی میں سوار ہوگئے اور ہر تھوڑے فاصلے پر گاڑیاں تبدیل کرتے رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کو آخری بار ایک سفید گاڑی میں دیکھا گیا اور ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

چھیالیس سالہ گینگسٹر ’ریڈونی فیڈ‘ کو 2010ء میں ڈکیتی اور اس واردات میں پولیس اہلکار کے قتل پر 25 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس سے قبل بھی بدنام زمانہ گینگسٹر جیل توڑ کر فرار ہوچکا تھا۔