فرانسیسی پالیمانی وفد باہمی پارلیمانی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گا

Mr. Moin ul Haque Ambassador of Pakistan

Mr. Moin ul Haque Ambassador of Pakistan

پیرس (میاں عرفان صدیق) فرانسیسی قومی اسمبلی کا پانچ رکنی پارلیمانی وفد فرانس پاکستان دوستی گروپ کے نئے تعینات ہونے والے صدر جناب جین برنارڈ سیمپاستوس کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ یہ فرانسیسی قومی اسمبلی کے وفدکا گزشتہ دس سالوں میں پہلا دورہ ہوگا۔ یہ بات فرانس میں پاکستان کے سفیر جناب معین الحق نے فرانسیسی قومی اسمبلی میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کے صدر اور اراکین سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے بعد کہی۔

سفیر پاکستان نے فرانس پاکستان دوستی گروپ کے نئے منتخب اراکین سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں مظبوط پارلیمنٹ، آزاد عدلیہ اور آزاد صحافت کی بدولت جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے لازوال قربانیاں پیش کر کے انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کو شکست سے دو چار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان امن، ترقی کی شرح میں اضافے، تعمیراتی ترقی اور معاشرتی شعبوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

سفیر پاکستان نے پاکستان و فرانس کے درمیان باہمی پارلیمانی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی پارلیمانی وفود کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مسلسل باہمی پارلیمانی دوروں کے ذریعے رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

جناب جین برنارڈ سیمپاستوس نے جناب فرانسکوس پپونی کی جگہ پاکستان فرانس دوستی گروپ کی سربراہی کی کمان سنبھال لی اور اب جناب فرانسکوس پپونی نائب صدر کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔