گیپکو کی ترقی میں ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی) ندیم احمد کا نمایاں کردار ہے۔ محمد اکرم چوہدری

Mohammad Akram Chaudhry

Mohammad Akram Chaudhry

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے گیپکو کی ترقی میں ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی) ندیم احمد کا نمایاں کردار ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نیمدت ملازمت پوری کر کے ریٹا ئر ہونے والے ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی) ندیم کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو (پی آئی ٹی سی) حسن توقیربخاری، ڈی جی (آئی ٹی) ریٹائرڈ ندیم احمد،مینجر(ایم آئی ایس) محمدیونس شاد ،سی بی اے کے ریجنل چیئر مین ولی الرحمن خاں، ایڈیشنل اسسٹنٹ مینجرز طارق گوندل، واجد علی شاہ و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ جنرل مینجر آپریشن ہارون الرشید، چیف انجینئر خالد پرویز، ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن انور سعید کیلوی، ایڈیشنل ڈی جیز محمد صدیق ملک، اورنگزیب ملہی، ایس ای کینٹ زاہد جاوید سمیت دیگرڈسکوز سے آئے ہوئے مہمان آفیسر، چاروں کمپیوٹر سنٹر کے انچارج و عملہ، گیپکو افسران و ملازمین کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ ندیم احمد ایک نیک دل انسان ، ذہین آفیسر اور قابل ایڈمنسٹریٹر تھے جنہوں نے اپنی بے مثل قائدانہ صلاحیتوں سے گیپکو کمپیوٹر سنٹر کو ٹیکنالوجی اور جدت کی نئی جہتوں سے روشناس کیا جس سے کمپنی کی پرفارمنس کو بھی عروج حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے موقع پر جو عزت اور محبت ندیم احمد کے حصہ میں آئی وہ بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے جو کہ اُن کے شفیق ، محنتی اور ایماندار افسر ہونے کا واضع ثبوت ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو (پی آئی ٹی سی) حسن توقیر بخاری نے اپنے خطاب کے دوران ندیم احمدکی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ندیم احمد کو جب کبھی بھی کوئی ذمہ داری سونپی گئی انہوں نے نہایت جانفشانی سے اسکو بروقت مکمل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ان کے ایم ایس سی میں ہم جہاعت تھے اور انہیں زمانہ طالب علمی سے جانتے ہیں وہ تب بھی نہایت محنتی اور ہونہار سٹوڈنٹ ہے اور ایم ایس سی میں گولڈ میڈلسٹ تھے۔ندیم احمد نے اپنی ریٹائرمنٹ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیپکو نے مُجھے جو عزت، محبت اور پہچان دی ہے اس کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا اور یہی میری زندگی کاکل اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیپکو سے محبت اور وفاداری میرے جسم میں خون کی طرح دوڑتی ہے، زندگی میں گیپکو کو جب بھی کسی خدمت کیلئے میری ضرورت پیش آئے تو آپ مُجھے کبھی پیچھے نہیں پائیں گے ۔ اس موقع پر ندیم احمد نے اپنے رفقاء کا ر، سینئر افسران اور تمام عملہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دوران سروس ان کے ساتھ ایک ٹیم کی طرح کام کیا اور ایک شایان شان الوداعی تقریب منعقد کر کے عزت افزائی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ندیم احمد کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ندیم احمد کی گیپکو کیلئے گرانقد ر خدمات قابلِ تحسین ہیں انہوں نے اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران کمپنی کیلئے بے پناہ کا م کیااور پروفیشنل ازم و فرض شناسی کی قابل تقلید مثالیں قائم کی۔