گیپکو سب ڈویژن نمبر 2 کا بے لگام عملہ

GEPCO

GEPCO

وزیرآباد (محمد لقمان بٹ) گیپکو سب ڈویژن نمبر 2 کا بے لگام عملہ، صارفین اور محکمہ دونوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف۔ گیپکو سب ڈویژن نمبر 2 میں برسوں سے نااہل عملہ کی کثیر تعداد کو کھپایا گیا ہے۔

جنرل سیکشن میں رشوت لئے بغیر فائلوں کا اندراج نہیں ہوتا جبکہ رشوت نہ دینے والے شہریوں کی فائلوں کو بے جا اعتراضات لگا کر ردی کی ٹوکری کی نذر کردیا جاتا ہے مک مکا ہونے پر کنکشن لگا دیئے جاتے ہیں۔ جنرل سیکشن کا عملہ لائن سٹاف کیساتھ فی فائل طے شدہ ریٹ پر رشوت میں حصہ دار بھی ہوتا ہے ،برسوں سے دفاتر میں براجمان عملہ کے زیادہ تراراکین شکار کی تلاش میں دفاتر سے غائب رہتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ نہیں ہوتا۔

محمد سلیم لائن مین جسے کولار فیڈر کا انچارج بھی بنایا گیا تھا نے اپنے گروپ کے ہمراہ لنگیانوالی موڑ کے قریب محمد نواز کے نام پر نئی تعمیر ہونے والی مارکیٹ جو1600مربع فٹ پر محیط ہے کو غیرقانونی طور پر نیا کنکشن دیتے ہوئے بھاری رشوت لیکر محکمہ کو قریب دو تین لاکھ روپے نقصان پہنچایا ہے اور ایک ہی مارکیٹ میں موجود چار دکانوں کو محکمانہ پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے علیحدہ علیحدہ کنکشن جاری کرکے محکمانہ قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

متذکرہ گروہ کی اس کرپشن کے بارے میں اعلیٰ حکام کو شہریوں کی طرف سے شکایات بھی کردی گئی ہیں۔ سب ڈویژن نمبر 2 کے عملہ کے ستائے ہوئے شہریوں نے چیف ایگزیکٹو گیپکوانجینئر غلام محمد سے مطالبہ کیا ہے کہ صارفین اور محکمہ کے مفاد میں سب ڈویژن نمبر 2 کے معاملات پر خصوصی توجہ دیکر راشی اور کرپٹ عملہ کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے اور برسوں سے متذکرہ سب ڈویژن میں تعینات عملہ کے دوردراز کے دفاتر میں تبادلے کئے جائیں تاکہ شہریوں کو سکھ کا سانس میسر آسکے۔