وزیرآباد کی خبریں 7/8/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار)حلقہ پی پی104 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی کی اپنے ہی گائوں کیلئے نوازشات،خستہ حالی کے شکار بیسیوں دیہاتوں اوروسیع شہری علاقہ کے مکینوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ کر2500ووٹوں کے حامل اپنے رہائشی گائوں منظور آباد کو ماڈل بنانے کیلئے23کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کروالی۔شہر کے گلی محلوں میں MPAکے اس کارنامہ پر شدید احتجاج۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے 23کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ زیادہ مستحق، مسائل زدہ علاقوں کیلئے مساوی تقسیم کرنے کا مطالبہ۔حلقہ پی پی104سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ٹکٹ پر دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے ایم پی اے شوکت منظو ر چیمہ نواحی گائوں منظور آباد کے رہائشی ہیں جہاں بہترین پختہ روڈ، نکاسی آب کا بہترین روایتی چالو نظام، صحت کا بنیادی سرکاری یونٹ،سرکاری ہائی سکول،بجلی، سوئی گیس اور ٹیلی فون جیسی جدید سہولتیں پہلے سے ہی میسر ہیں کو ماڈل بنانے کیلئے 23کروڑ روپے منظور کروائے گئے ہیں جبکہ دیگر دیہی علاقوں کے مکین ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خستہ حال گلی محلوں ، سیوریج کے ناقص نظام، ڈسپنسری تک کی سہولیات میسر نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں۔شہر کے اہم ترین علاقوں کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، واٹر سپلائی،سیوریج کے ابتر نظام پرٹیکس گزار شہریوں کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی اور وہ دن رات اڑنے والی گردوغبار، غلاظت اور تعفن کی وجہ سے شہرسے قریبی ہائوسنگ کالونیوں اور دوسرے شہروںمیں ہجرت پر مجبورہوچکے ہیں۔مسائل میں گھرے وسیع علاقہ کی عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ کر ایم پی اے کے گائوں کو نوازنے کی پالیسی کو شہری حلقوں میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ خود پارٹی کے اپنے لوگ اس معاملہ پر پریشان دکھائی دیتے ہیں۔عوامی، سماجی حلقوں، صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملہ پر نظر ثانی فرماتے ہوئے23کروڑ روپے کی خطیر رقم بنیادی سہولتوں سے محروم قریبی دیہاتوں اور شہری علاقوں پرصرف کرکے عوام کے مسائل میں کمی لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) شہری علاقہ میںکھیل کے میدانوں کا فقدان،نوجوانوں کی سپورٹس سرگرمیاں محدود، شہر سے دور بنائے گئے سٹیڈیم کی تزئین وآرائش کیلئے ٹی ایم اے کی جانب سے25لاکھ روپے کے فنڈز مختص۔ کونسلرز کا احتجاج فنڈز شہری علاقہ میں سپورٹس کے فروغ کیلئے لگانے کا مطالبہ۔چند سال قبل شہر سے چھ سات کلو میٹر دور بنائے گئے سپورٹس سٹیڈیم کی تزئین وآرائش کیلئے ٹی ایم اے انتظامیہ نے25لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں ، نئی نسل شہر سے دور بنے اس اسٹیڈیم تک رسائی نہیں رکھتی۔ شہر میں کھیل کا کوئی قابل ذکر میدان باقی نہیں رہا یہی وجہ ہے کہ شہر میں کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں بچے گلی محلوں میں کھیلیں تو آمدورفت میں خلل کے نام پر انہیں روک دیا جاتا ہے شہری انتظامیہ عوامی مطالبات کے باوجود اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے میں ناکام ہے ۔ نومنتخب کونسلرز افتخار احمد بٹ، ذبیح اﷲ ملک اور دیگر نے اس معاملہ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقہ میںسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کی بجائے پہلے سے بنے اسٹیڈیم پر تزئین وآرائش کے نام پر ٹی ایم کا بجٹ غل کیا جانا دانشمندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں بلدیاتی نظام کے موثر ہوتے ہی بلدیہ وزیرآباد کا متذکرہ اسٹیڈیم سے اختیار ختم ہوجائے گا اس طرح ٹی ایم اے انتظامیہ عوامی مسائل کو پہچانتے ہوئے شہری علاقہ میں سپورٹس سرگرمیوں کا بندوبست کرکے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسیوں کا تدارک کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) چیف ایگزیکٹو گیپکو چوہدری محمد اکرم نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران نئے کنکشنوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے کڑوروں روپے کی لاگت سے3لاکھ نئے سنگل فیز میٹروں اور دیگر سامان کی خریداری کا پرچیز آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گیپکو افسران کے ساتھ ایک میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گیپکو میں میٹریل کی کوئی شارٹیج نہیں اور سٹوروںمیں ضرورت کا تمام سامان موجود ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ گیپکو نے سامان کی خریداری کیلئے جو حالیہ آرڈر جاری کئے ہیںاُن 100کے وی اے کے 600عدد نئے ٹرانسفارمر، 5400ایل ٹی کے پی سی پولز، 70کلو میٹر کیبل اور دیگر سامان شامل ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے افسران کوتنبیہہ کی کہ ملازمین اور عوام کی سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس کیلئے اپنے لائن سٹاف کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں ٹی اینڈ پی کے استعمال کا عادی بنائیں اور اس بات پر پابند کریں کہ کوئی لائن سٹاف پی ٹی ڈبلیو کے بغیر ہر گز کام نہ کرے جبکہ گلیوں بازاروں میں جہاں کہیں بجلی کی تاریں بے ترتیب اور خطرناک حالت میں ہیں۔

انہیں فوری طور پر دُرست کیا جائے اور دیگر تنصیبات اور تاروں کے جوڑوں کی جگہوں کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں بھی دُرست کیا جائے کیونکہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں ہے۔ دوسری جانب چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم کی ہدایا ت کے مطابق گیپکو میں جاری بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں مزید تیزی آگئی ہے ،61بجلی چور رنگے ہاتھوں گرفتار جبکہ 9کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کوگیپکو کی جانب سے136614یونٹس کی مد میں21 لاکھ 65ہزار روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بِل جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں دے دی گئی ہیں۔