گھوٹکی: سیلاب نے تباہی مچا دی، دیہات کا زمینی رابطہ ختم

Flood

Flood

گھوٹکی (جیوڈیسک) گھوٹکی کے کچے علاقے میں سیلاب نے تباہی مچا دی، فصلیں سیلابی پانی کی نذر ہو گئیں، بیس سے زائد دیہات کا دوسرے علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی امدادی کاروائیاں شروع نہ ہو سکیں، لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دریائے سندھ نے کچے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، سیلاب سے گھوٹکی کے کچے علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ۔ سیلابی پانی نے بیس سے زائد دیہات کا دوسرے علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع کر دیا۔ سینکڑوں متاثرین سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

سیلابی پانی نے گنے، سبزیوں اور دیگر فصلوں کو بھی تباہ کر دیا جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو شدید مالی اور معاشی نقصان کا سامنا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک امدادی کارروائیاں شروع نہیں کی گئی۔ گرمی کی شدت کے باعث علاقے میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔