علامہ غلام رسول سعیدی علیہ رحمہ کے وصال سے علم و دانش کا ایک باب بند ہوگیا، زبیر صدیقی ہزاروی

Karachi

Karachi

کراچی : انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ علامہ غلام رسول سعیدی رحمتہ اللہ علیہ اہل سنت و جماعت کے نمائندہ عالم دین اور زمانہ عصر کے جید محقق تھے، ان کی تحقیقات و تصنیفات نئے علماء کرام کے لئے منارہ نور ہیں، انہوں نے اپنی طویل تریب زندگی کو دین کی ترویج و اشاعت کے لئے وقف کردیا، اور اب شارع بخاری و مسلم ہم سے جدا ہوگئے، اللہ ان کے درجات بلند کرے۔

علامہ غلام رسول سعیدی اسلاف کی نشانی تھے، فقہا اہل سنت کے ترجمان اور علم و حکمت کا شہر تھے،علامہ غلام رسول سعیدی علیہ رحمہ کی نماز جنازہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر انجمن طلبہ اسلام محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ علامہ غلام رسول سعیدی علیہ رحمہ کے وصال سے علم و دانش کا ایک باب بند ہوگیا، تاریخ میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی، علامہ سعیدی با اخلاص، با کردار اور با عمل عالم دین تھے۔

دارالعلوم نعیمیہ کا وہ کمرہ جہاں حضرت سعیدی کتابوں سے محوگفتگو رہتے تھے اب وہ ہمیشہ کے سنسان ہوگیا، انہوں نے صرف اہل سنت ہی نہیں بلکہ تمام مسالک و مکاتب فکر کے لئے علم کے نئے در اور نئے زاویئے متعین کیئے، اس موقع پر لاہور سے انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے مرکزی طور تنظیمی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام کے تحت تمام صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر میں تین یوم تک تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور علامہ سعیدی کے حوالے سے مختلف ایصال ثواب وقرآن خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی۔

انجمن طلبہ اسلام پنجاب کے ناظم و سیکرٹری ضیا الرحمن نورانی، راشد رسول نورانی، انجمن طلبہ اسلام سندھ کے ناظم و سیکرٹری عبدالسلام اعوان، نبیل مصطفائی، اے ٹی آئی بلوچستان کے ناظم و سیکرٹری امیر حمزہ و ابراہیم نورانی، اے ٹی آئی کشمیر کے ناظم محمد ایوب قادری اور دیگر مرکزی و صوبائی ذمہ داران نے شارع مسلم و بخاری شریف کے لئے تعزیتی پیغام جاری کئے۔

جاری کردہ۔۔۔میڈیا سیل انجمن طلباء اسلام۔صوبہ سندھ کراچی ڈویژن
0311-0442922