گلگت بلتستان میں حکومت کی طرف سے مذہبی پروگرامات پر عائد پابندی شرمناک ہے: آئی ایس او پاکستان

Yawar Abbas

Yawar Abbas

لاہور (پ ر ) یم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی مشترکہ میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما یاور عباس نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے خطے کے تعلیمی اداروں میں مذہبی تقریبات پر عائد پابندی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں یوم حسین سمیت دیگر اسلامی اور مذہبی تقریبات پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں، جبکہ جی بی میں یہ پابندی انتہائی شرمناک اور افسوسناک عمل ہے۔ آئی ایس او پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کی پشت پر کھڑی ہے اور ضرورت پڑی تو پورے ملک میں صوبائی حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف احتجاج کریں گے۔ یاور عباس نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام دیندار، محب وطن اور غیور ہیں۔

انہوں نے اپنی قوت بازو سے اس خطے کو ڈوگروں سے آزاد کرکے اسلام سے محبت کی وجہ سے پاکستان سے بلامشروط الحاق کیا، لیکن یہاں پر مذہبی تقریبات پر پابندی عائد کرنا خطے کے عوام کی توہین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پابندی عائد کرنی ہے تو تعلیمی اداروں میں ہونے والی ایمان سوز اور فحاشی و عریانی کی تقریبات پر پابندی عائد کرے، جو کہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔