گلگت بلتستان: پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

Snowfalls

Snowfalls

گلگت (جیوڈیسک) گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ ڈویژن اور فاٹا کے کچھ علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

گلگت بلتستان میں غذر،استور اور دیامر کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے ،جبکہ میدانی علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔جس سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

بلوچستان کے شمالی علاقے چمن ،پشین ،مسلم باغ اور توبہ اچکزئی سمیت بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ،سردی بڑھتے ہی مختلف موسمی امراض میں بھی اضافہ ہوگیا ہے مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر کے بالائی علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے ۔مالاکنڈ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور بالائی فاٹا میں موسم ابر آلود اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔