گلگت بلتستان اور چترال میں برفباری، سردی بڑھ گئی

Hi- Cold Weather

Hi- Cold Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) گلگت بلتستان اورچترال کے پہاڑوں پر گرتی برف نے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھا دی جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس گئے، ٹھنڈے اور خوبصورت موسم نے شہریوں کا موڈ خوشگوار کردیا۔

اورکزئی ایجنسی میں ہونیوالی برفباری نے ہر منظر کواوربھی دلکش بنادیا،وقفے وقفے سے گرنے والی برف سے موسم کافی سرد ہوگیا۔بالائی چترال میں گرم چشمہ اور لواری ٹاپ پر گزشتہ رات سے وقفے وقفے برفباری ہورہی ہے، گلگت بلتستان کے ضلع دیامراورغذرکے پہاڑوں پر کبھی ہلکی تو کبھی تیز برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز کہیں کالے بادل، کہیں برسات تو کہیں آسمان سے گرتے موتیوں جیسے سفید برف کے گالے، ان کے ساتھ یخ بستہ ہواوں کے جھونکوں نے موسم سرد اور سہاناکردیا۔

ملتان میں بھیگے بھیگے موسم اورسرما کی پہلی بارش کی بوندوں کو شہریوں نے خوب انجوائے کیا،بھکر میں رم جھم ہوتے ہی درخت اور کھیت بھی نکھر گئے۔

فیصل آباد میں دھند اورہلکی بارش نے سردی بڑھا دی ، موسم کا مزہ اٹھانے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد نے سموسوں کی دکانوں کا رخ کیا، کسی نے دوستوں کے ساتھ کڑھائی سے نکلتے ہی گرما گرم سموسوں پر ہاتھ صاف کیے تو کوئی گھر لے گیا۔

سیالکوٹ میں ہلکی بارش سے موسم دلفریب ہوگیا،گوجرانوالہ،سرگودھا،مظفر گڑھ،میاں چنوں،چیچہ وطنی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بادل گرجے بھی اور برسے بھی۔