سونا 3 سو روپے مہنگا، قیمت ساڑھے 56 ہزار روپے فی تولہ ہو گئی

Gold

Gold

لاہور (جیوڈیسک) مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان ہے۔ اس وقت مارکیٹ میں سونے کی قیمت تین سو روپے کے تازہ اضافے کے ساتھ ساڑھے 56 ہزار روپے تولہ تک پہنچ چکی ہے۔ سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے جہاں عوام الناس کو پریشانی کا سامنا ہے وہیں پورے ملک کے کاروباری حلقے بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

ملک بھر میں سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ ایک تو ملک بھر میں پہلے ہی مہنگائی کے حوالے سے زندگی اجیرن ہوچکی ہے ، دوسرے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے تمام شعبہ ہائے زندگی متاثر ہوئے ہیں اور اس کے منفی اثرات عوام کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں ۔ ایسے میں سونے کی قیمت میں اضافہ کاروبار کو مزید تباہ کر دے گا۔

دوسری جانب سونے کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کو سماجی رسومات کی ادائیگی کے حوالے سے بھی پریشانی کا سامنا ہے ۔ ملک میں اس وقت شادیوں کا سیزن عروج پر ہے اور ملک کے طول و عرض میں لوگ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں ۔ سونا شادی کی تقریبات میں سجاوٹ اور آرائش کے حوالے سے ایک اہم جزو تسلیم کیا جاتا ہے لیکن اگر اس کی قیمتوں میں ایسے ہی اضافہ ہوتا رہا تو آنے والے کچھ برسوں میں پاکستان میں خواتین کیلئے سونے کے زیورات پہننا کسی خواب سے کم نہیں ہوگا۔