گوگل میپس کی مدد سے اب گھر بیٹھے اولمپکس کے میدانوں کو ہر زاویئے سے دیکھئے

 Olympics

Olympics

واشنگٹن (جیوڈیسک) اولمپک 2016 تین ماہ کی دُوری پر ہے جو ہر 4 سال بعد سجنے والا بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کا سب سے بڑا میلہ ہے لیکن اس بار گوگل نے اپنی سروس میپس میں خصوصی انتظامات کیے ہیں جس کی بدولت آپ اولمپک کے میزبان میدانوں کو اچھی طرح سے دیکھ سکتے ہیں۔

برازیل میں اولمپک کے لیے مختص 25 میدانوں کو گوگل میپس کے ذریعے ہر زاویے سے دیکھا جا سکے گا۔ اولمپک دیکھنے برازیل جانے والوں کو اس فیچر سے بہت سہولت ملے گی کیونکہ وہ گھر بیٹھے ہر اسٹیڈیم کو مکمل طور پردیکھ اور سمجھ سکتے ہیں کہ اسٹیڈیم میں داخلی اور خارجی دروازے کہاں موجود ہیں، بیٹھنے کا کس طرح انتظام کیا گیا ہے، واش رومز اور اے ٹی ایم وغیرہ کہاں موجود ہیں۔

12 بیرونی آفیشل اولمپک مقامات کے لیے بھی بالکل یہی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ ریو شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ریئل ٹائم دیکھا جا سکے گا۔ اس دلچسپ سروس سے لطف اندوز ہونے کے لیے گوگل میپس میں اپنی پسند کے اسٹیڈیم جیسے کہ مراکانا لکھ کر تلاش کریں اور پھر تھری ڈی انداز میں مکمل اسٹیڈیم دیکھیں۔ اس طرح جو لوگ اولمپک دیکھنے نہ جا سکیں وہ گھر بیٹھے کم از کم اپنا کچھ شوق پورا کر سکیں گے۔