حکومت گرانے کیلئے دھرنے ہوئے، عدالتوں میں گھسیٹا گیا: وزیراعظم

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

شجاع آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت کو گرانے کی بہت کوششیں کی گئیں، دھرنے دیئے گئے اور عدالتوں میں بھی گھسیٹا گیا، صوبے بنانے کیلئے قومی اتفاق رائے قائم کرنا پڑیگا۔

شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت نے جو وعدے کیے ان سے بڑھ کا کام کیا، مسلم لیگ ن کی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود بھی کام کر کے دکھایا، کئی برسوں کے منصوبے بھی موجودہ حکومت نے مکمل کیے۔ انہوں نے کہا کسی بھی علاقے میں جائیں مسلم لیگ ن کے مکمل منصوبے نظر آئیں گے، کروڑوں کے نہیں اربوں کے منصوبے ہر علاقے میں نظر آئیں گے، گزشتہ حکومتوں کے پاس بھی پسے تھے مگر کام نظر نہیں آتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا مشرف نے 10 سال بجلی کا کوئی کارخانہ نہیں لگایا، صرف دو چار منصوبے شروع کیے مگر ایک بھی مکمل نہ کر پایا، زرداری نے منصوبے شروع ہی نہیں کیے مکمل کرنا تو دور کی بات ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم پیسہ پنجاب کو ملتا ہے، مگر کسی شہر میں چلے جائیں، پنجاب کے شہر بدلتے نظر آئیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ گرمی کی شدت کے باوجود کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، منصوبے اگلے 20 سال تک پاکستان کو بجلی میں خود کفیل رکھیں گے۔ انہوں نے کہا آج پورے پاکستان میں سینکڑوں درجے حالات بہتر ہیں، ہرتحصیل اور ضلع میں اربوں روپے کے منصوبے مکمل کیے، آئندہ سال کے وسط میں یہاں سے ڈھائی گھنٹے میں لاہور پہنچ پائیں گے، مسلم لیگ ن نے وہ ڈلیور کیا جس کا کوئی خواب بھی نہیں دیکھ سکتا۔